بنگلورو، 05 ستمبر (یو این آئی) دانش مالیور (76)، شبھم شرما (ناٹ آؤٹ 60) اور کپتان رجت پاٹیدار (ناٹ آؤٹ 47) کی شاندار بیٹنگ کی بدولت سنٹرل زون نے دلپ ٹرافی کے دوسرے سیمی فائنل کے دوسرے دن جمعہ کو ویسٹ زون کے خلاف دن کا کھیل ختم ہونے کے وقت 67 اوور میں دو وکٹ پر 229 رن بنا لئے۔ تاہم وہ اب بھی ویسٹ زون کی پہلی اننگز میں بنائے گئے اسکور سے 209 رن پیچھے ہے۔ویسٹ زون نے کل کے چھ وکٹ پر 363 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ 102ویں اوور میں آیوش پانڈے نے نصف سنچری مکمل کر چکے کپتان شاردل ٹھاکر کو رن آؤٹ کر کے ساتواں جھٹکا دیا۔ اس کے بعد کوئی بھی بلے باز سنٹرل زون کی گیندبازی کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکا۔ ایک اوور بعد ہی ہرش دوبے نے تنوش کوٹیان کو بولڈ کر دیا۔ تنوش کوٹیان نے 166 گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے 76 رن بنائے۔ دھرمیندر سنگھ جڈیجہ (1) اور ارجان ناگواسوالا (3) رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ویسٹ زون کی پوری ٹیم 108 اوور میں 438 رن پر ڈھیر ہو گئی۔ تشار دیشپانڈے 18 رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔ سنٹرل زون کے لیے سارنش جین اور ہرش دوبے نے تین، تین وکٹ لئے۔ خلیل احمد کو دو وکٹ ملے جبکہ دیپک چاہر نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔اس کے بعد بلے بازی کرنے اتری سنٹرل زون کی اوپننگ جوڑی آیوش پانڈے اور دانش مالیور نے پہلے وکٹ کے لئے 67 رن جوڑے۔ 18ویں اوور میں ارجان ناگواسوالا نے آیوش پانڈے (40) کو آؤٹ کر کے ویسٹ زون کو پہلی کامیابی دلائی۔ دوسرا وکٹ دانش مالیور کی صورت میں گرا جو 76 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ دن کے کھیل کے اختتام پر سنٹرل زون نے 67 اوور میں دو وکٹ پر 229 رن بنائے اور شبھم شرما (ناٹ آؤٹ 60) اور کپتان رجت پاٹیدار (ناٹ آؤٹ 47) کریز پر موجود ہیں۔ سنٹرل زون ابھی بھی ویسٹ زون کی پہلی اننگز کے اسکور سے 209 رن پیچھے ہے۔ویسٹ زون کی طرف سے ارجان ناگواسوالا اور دھرمیندر سنگھ جڈیجہ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔