چنڈی گڑھ، 7 اپریل (یواین آئی) مسلسل تین شکست کے بعددباؤ میں آئی چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) منگل کو یہاں پنجاب کنگز (پی بی کے ایس) کے خلاف آئی پی ایل میچ میں جیت کی راہ پر واپس آنے کی پوری کوشش کرے گی۔ممبئی انڈینز پر شاندار فتح کے ساتھ آئی پی ایل 2025 مہم کا آغاز کرنے والی سی ایس کے کو مسلسل تین شکستوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ رائل چیلنجرز بنگلور، راجستھان رائلز اور دہلی کیپٹلز کے خلاف اس نے منہ کی کھائی ہے۔ شکست کی ہیٹرک نے ٹیم کی بیٹنگ اور بولنگ میں کمزوریوں کو بے نقاب کیا ہے۔ پانچ بار کی چیمپئن ٹیم نے اب تک کھیلے گئے چار میچوں میں اپنے 17 کھلاڑیوں کا استعمال کیا ہے۔ یہ تبدیلی واضح طور پر حکمت عملی کی کمی کو ظاہر کرتی ہے۔پچھلے چار میچوں میں 121 رنز بنانے والے کپتان روتراج گایکواڑ پر ملاں پور کے مہاراجا یادوندر سنگھ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں بھی نظر ہوگی۔ ٹورنامنٹ میں دس وکٹیں اپنے نام کرنے والے نور احمد بھی ٹیم کی سب سے بڑی امید بنے ہوئے ہیں۔ تاہم، رویندر جڈیجہ اور شیوم دوبے جیسے سینئر کھلاڑیوں کی فارم اور کردار اور روی چندرن اشون کی قیادت میں ان کے اسپن شعبے کی مایوس کن کارکردگی پر سوالات کھڑے ہوئے ہیں۔
اس کے برعکس، راجستھان رائلز سے 50 رنز سے شکست کے باوجود پنجاب کنگز میں زیادہ یکجہتی دکھائی دی ہے۔ شریس ایئر نے آگے بڑھ کر قیادت کی ہے اور تین میچوں میں 159 رنز بنائے ہیں جبکہ نہل وڈھیرا نے مڈل آرڈر میں متاثر کیا ہے۔ پی بی کے ایس اپنے پچھلے پانچ میچوں میں سے چار میں جیت حاصل کرنے کے ساتھ سی ایس کے پر اپنا حالیہ غلبہ برقرار رکھنے کے لیے خود کو تیار کرے گی۔ تاہم، سی ایس کے مئی 2024 میں پی بی کے ایس کے خلاف اپنے آخری میچ سے پرجوش ہوگی، جہاں انہوں نے 28 رنز کی جیت حاصل کی تھی۔ رویندر جڈیجہ بھی گیند اور بلے کے علاوہ فیلڈنگ کا کردار ادا کریں گے۔ ملن پور کی پچ نے توازن کے اشارے دیے ہیں، لیکن یہ پچ ہدف کا تعاقب کرنے والی ٹیم کے لئے زیادہ سازگار ثابت ہوئی ہے ۔پچھلے سیزن میں اس مقام پر پانچ میں سے تین میچ پہلے گیند بازی کرنے والی ٹیم نے جیتے تھے۔