چنڈی گڑھ28فروری:’’کسی کے رونے دھونے سے کام تھوڑی چلے گا۔ آپ کو ناانصافی کے خلاف لڑنا ہے تو راہل گاندھی جی جیسے لڑو۔‘‘ یہ بیان کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے پنجاب کے برنالہ میں ’کسان مہاچوپال‘ سے خطاب کرتے ہوئے دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو ہدف تنقید بناتے ہوئے دیا۔ دراصل آبکاری پالیسی گھوٹالہ معاملہ میں عدالت سے بری قرار دیے گئے کیجریوال عوام سے خطاب کے دوران جذباتی ہو گئے تھے اور ان کی آنکھوں میں آنسو آ گئے تھے۔ کیجریوال کے اس انداز کو کھڑگے نے ’ڈھونگ‘ قرار دیا اور کہا کہ کیجریوال بھی نریندر مودی کی طرح ڈھونگی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’وہ رو رو کر کہہ رہے ہیں کہ میری عزت چلی گئی اور میں بہت نیک آدمی ہوں۔ اگر آپ نیک آدمی ہیں تو آپ کو بولنے کی ضرورت نہیں ہے، ملک کی عوام ہی بول دے گی۔‘‘ ساتھ ہی وہ کہتے ہیں کہ ’’آج جس طرح کیجریوال بول رہے ہیں، ویسے ہی مودی بھی پہلے بولتے تھے۔ یہ لوگ ڈھونگی ہیں، آپ لوگ ان کے پیچھے جائیں گے تو ملک برباد ہو جائے گا۔‘‘ لوگوں کی جمع زبردست بھیڑ سے خطاب کے دوران کھڑگے نے مرکز کی مودی حکومت اور پنجاب کی عآپ حکومت کو خوب کھری کھوٹی سنائی۔ انھوں نے کہا کہ پنجاب کی عآپ حکومت بی جے پی کی ’بی ٹیم‘ ہے۔ یہ لوگ کبھی کسانوں یا مزدوروں کی لڑائی میں شامل نہیں ہوئے۔ پنجاب کے نظامِ قانون پر سوال اٹھاتے ہوئے کھڑگے نے کہا کہ آج گروؤں کی اس زمین پر گولیاں چل رہی ہیں، لوگ غیر محفوظ ہیں۔ تاجروں کو سرعام دھمکیاں مل رہی ہیں اور امت شاہ و ریاستی حکومت دونوں ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے ہیں۔ انھوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ اگر پنجاب حکومت مضبوط ہے تو نشہ کا جال کیوں ختم نہیں ہو رہا؟
فٹبال کھلاڑیوں سے بھری گاڑی حادثے کا شکار
چنڈی گڑھ، 28 فروری (یو این آئی) ہریانہ کے ضلع حصار کے گاؤں چولی باگڑیان کی فٹبال کھلاڑیوں کی ٹیم ہفتے کے روز ایک سڑک حادثے کا شکار ہو گئی، جس میں 19 کھلاڑی زخمی ہو گئے، زخمیوں میں سات کھلاڑی شدید طور پر زخمی ہیں۔
موصولہ اطلاع کے مطابق کھلاڑی آج ضلع سرسا کے رانیاں علاقے کے گاؤں ہری پورہ میں منعقدہ فٹبال ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کے لیے ٹاٹا میجک گاڑی میں روانہ ہوئے تھے۔ راستے میں ضلع فتح آباد کے گاؤں کھابڑا کے قریب اچانک گاڑی کا ٹائر پھٹ گیا۔








