نئی دہلی، 11 اکتوبر (یواین آئی) یونیسف انڈیا نے آج معروف بین الاقوامی کرکٹر اسمرتی مندھانا کو اقوام متحدہ کی بچوں کے حقوق کی ایجنسی کی سیلیبریٹی ایڈووکیٹ مقرر کرنے کا اعلان کیا۔ اس نئی ذمہ داری کے تحت مندھانا بچوں اور نوجوانوں کے مساوی حقوق اور مواقع کی حمایت کے لیے اپنی سابقہ کوششوں کو مزید آگے بڑھائیں گی۔یہ تقرری 11 اکتوبر کو منائے جانے والے بین الاقوامی یومِ بچیوں کے موقع پر کی گئی ہے، جو بچیوں کے حقوق، تحفظ، صلاحیتوں اور قیادت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ان رکاوٹوں کی جانب بھی توجہ مبذول کراتا ہے جو اب بھی ان کے مواقع اور انتخاب کو محدود کرتی ہیں۔ ہندوستان کی معروف اسپورٹس آئیکن اور نوجوان خواتین و بچیوں کے لیے رول ماڈل مندھانا، بچیوں کو کھیلنے اور آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کرنے کی وکالت کریں گی۔وہ یونیسف انڈیا کی کوششوں میں تعاون کرتے ہوئے نوعمر بچیوں کو بااختیار بنانے، ان کی صحت اور فلاح و بہبود کو فروغ دینے اور انہیں اپنی مکمل صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے قابل بنانے کے لیے کام کریں گی۔مندھانا نے کہا،میں یونیسف انڈیا کی سیلیبریٹی ایڈووکیٹ کے طور پر اس مہم سے وابستہ ہوکر خود کو اعزاز یافتہ محسوس کر رہی ہوں۔ بچپن میں کرکٹ کھیلنے سے مجھے یہ سیکھنے کا موقع ملا کہ ہر خواب ایک موقع سے شروع ہوتا ہے۔ محنت، عزم اور حوصلہ افزائی سے یہی موقع کچھ غیر معمولی میں تبدیل ہوسکتا ہے۔ ہر بچے اور نوجوان کو بڑے خواب دیکھنے اور اپنی مکمل صلاحیت حاصل کرنے کا موقع ملنا چاہیے۔ارجن ایوارڈ یافتہ اور ہندوستان کی سرکردہ کرکٹرز میں شامل مندھانا ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان ہیں۔ وہ اس ٹیم کا حصہ تھیں جس نے 2025 میں ہندوستان کو پہلی آئی سی سی خواتین کرکٹ ورلڈ کپ ٹرافی دلائی۔ اسی سال وہ ایک کیلنڈر سال میں ایک ہزار سے زیادہ ون ڈے رن بنانے والی پہلی خاتون بنیں اور پانچ ون ڈے سنچریاں بناکر ریکارڈ قائم کیا۔ 2026 میں وہ خواتین کی بین الاقوامی کرکٹ اور خواتین کے ٹی-20 بین الاقوامی مقابلوں میں سب سے زیادہ رن بنانے والی کھلاڑی بنیں۔ وہ دنیا کی نمبر ایک ون ڈے خواتین بلے باز ہیں اور دو مرتبہ آئی سی سی ویمن کرکٹر آف دی ایئر کا اعزاز حاصل کرچکی ہیں۔