بھوپال:13؍جنوری:نائب وزیر اعلیٰ مسٹر راجیندر شکل نے منترالیہ میں محکمہ عوامی صحت و طبی تعلیم کے مختلف اہم موضوعات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے صحت خدمات کے استحکام، انسانی وسائل کی دستیابی اور بنیادی ڈھانچے کے ترقیاتی کاموں کے سلسلے میں ضروری ہدایات جاری کیں۔ نائب وزیر اعلیٰ مسٹر شکل نے بیوہاری، بْڑھار اور اْمریا علاقوں میں ماہرِ امراضِ نسواں کے خالی عہدوں کو جلد پْر کرنے کی ہدایت دی۔نائب وزیر اعلیٰ مسٹر شکل نے نرسنگ تعلیم کو مضبوط بنانے کے لیے نرسنگ اساتذہ کے 59 گزٹیڈ عہدوں کی مانگ کو جلد از جلد لوک سیوا آیوگ کو ارسال کرنے کی ہدایت دی۔ سنگرولی نرسنگ کالج کے لیے زمین کی نشاندہی اور ٹینڈر کے عمل کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔ انہوں نے طبی آلات کی دستیابی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ان کے استعمال کی مسلسل نگرانی پر زور دیا۔ ڈاکٹروں کی ترقی کے لیے لوک سیوا ترقیاتی قوانین سے استثنا حاصل کرنے سے متعلق کارروائی عام انتظامیہ محکمہ کے ذریعے کرنے کی ہدایت دی گئی۔نائب وزیر اعلیٰ مسٹر شکل نے ریاست کے سپر اسپیشیلٹی اسپتالوں میں کام کرنے والے میڈیکل اساتذہ کی تنخواہوں اور الاؤنسز کا جائزہ لیا اور ضروری ہدایات دیں۔ نئے طبی کالجوں میں خالی ٹیوٹر اور ڈیمونسٹریٹر عہدوں پر براہِ راست بھرتی کی کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے خون کی منتقلی کی خدمات کو مزید بہتر بنانے کے لیے ریاست میں این اے ٹی سہولت کے دائرہ کار کو بڑھانے کی ہدایت دی۔ بانڈ ڈاکٹروں کے لیے مربوط ای اٹینڈنس نظام نافذ کرنے اور آن لائن این او سی جاری کرنے کے عمل کو نافذ کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔ محکمہ صحت کے تحت سابقہ سرمایہ کاری پالیسی سے متعلق معاملات کے تیز رفتار حل کے لیے ضروری کارروائی کرنے کی ہدایت دی گئی۔ طبی کالجوں میں آؤٹ سورس عہدوں کی منظوری کے معیار میں بہتری لا کر ہنر مند اور نیم ہنر مند عملے کی فراہمی کے لیے تجویز وزارتی کونسل کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔