بدایوں:یکم مئی(یواین آئی) وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے بدھ کو کہا کہ اگلے ایک دہائی میں کانگریس کا وجود ڈائناسور کی طرح معدوم ہوجائے گا۔ آنولہ لوک سبھا کے داتا گنج میں بی جے پی امیدوار دھریندر کشیپ اور بدایوں سے بی جے پی امیدوار دروجئے سنگھ شوق کی حمایت میں جوائنٹ ریلی سے خطاب کرتےہوئے سنگھ نے کہا کہ سماج وادی پارٹی(ایس پی) اب سماپت وادی پارٹی بننے کی جانب مائل ہے جبکہ بدعنوانی کی حوصلہ افزائی کرنے والی کانگریس بھی دس سالوں میں معدوم ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی حکومت میں ان کے وزیر اعظم نے قبول کیا تھا کہ ہم غریبوں کو ایک روپئے بھیجتے ہیں تو ان کے کھاتے میں 12پیسے ہی پہنچتے ہیں۔ آج وزیر اعظم مودی کی بہتر حکمرانی میں اگر ایک روپئے بھیجا جاتا ہے تو وہ پورا کا پورا ایک روپئے ہی کھات میں پہنچتا ہے۔ مودی نے جن دھن کھاتے کھول کر ملک کو بدعنوانی سے پاک کردیا ہے۔ سنگھ نے کہا 10 سال بعد کانگریس کے بارے میں پوچھیں تو وہ بھی ڈائناسور کی طرح ختم ہو جائے گی۔ مودی کی قیادت کی نئی سوچ کے ساتھ ایک نئے ہندوستان کی تعمیر ہو رہی ہے۔ ہندوستان کی ترقی کے طویل سفر میں سبھی حکومتوں نے اپنی شراکت داری دی ہے، لیکن ترقی کی جو رفتار ہماری حکومت میں نظر آئی وہ کبھی حاصل نہیں ہوسکی۔