مظاہرین پر پولیس نے کیا واٹر کینن،مونو سکسینہ سمیت کئی زخمی
بھوپال، 15جولائی ۔پٹواری بھرتی امتحان میں دھاندلی کو لے کر پوری ریاست میں ماحول گرم ہے۔ طلبہ تنظیمیں سراپا احتجاج ہیں۔ کانگریس کو طلبہ کی حمایت حاصل ہے۔ پٹواری بھرتی امتحان میں بے قاعدگیوں کو لے کر بھوپال، اندور سمیت ریاست کے کئی اضلاع میں مظاہرے ہوئے۔ مسلسل احتجاج کی وجہ سے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان کو پٹواری بھرتی امتحان میں منتخب نوجوانوں کی بھرتی روکنے کا حکم دینا پڑا۔ اب نومبر کے مہینے میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کی وجہ سے کانگریس نے اسے بڑا ایشو بنا کر اس کا فائدہ اٹھانے کا ذہن بنا لیا ہے۔ اس کو لے کر کانگریس کی ضلع یونٹ نے ہفتہ کو وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کا محاصرہ کرنے کا اعلان کیا۔
ضلع کانگریس کمیٹی کی قیادت میں کانگریسی بڑی تعداد میں دوپہر 1.30 بجے روشن پورہ کراسنگ پر جمع ہوئے ۔ یہاں میٹنگ کے بعد جب کانگریسی وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کا محاصرہ کرنے نکلے تو پولی ٹیکنک چوراہے سے پہلے ہی پولس نے رکاوٹیں لگا کر انہیں روک دیا۔ اس کو لے کر کانگریس اور پولس کے درمیان بحث و تکرار ہوئی۔ کانگریسیوں نے شیوراج سنگھ چوہان، ریاست کے مامو کی موت کے نعرے لگائے۔ اسٹاف سلیکشن بورڈ کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔
پولیس نے واٹر کینن کا استعمال کرتے ہوئے مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی۔ اس دوران بھگدڑ میں مہک رانا نامی خاتون کارکن زخمی ہوگئی۔ اسے ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال بھیجا گیا۔ کچھ دوسرے کارکنوں کو بھی معمولی چوٹیں آئیں ضلع صدر مونو سکسینہ کو بھی آنکھ کے پاس چوٹ لگی ہے۔ پولیس کی اس کارروائی کے خلاف ایم ایل اے پی سی شرما سمیت کئی کارکن سڑک پر ہی دھرنے پر بیٹھ گئے۔