بھوپال، 05 اکتوبر: مدھیہ پردیش کانگریس کمیٹی کے سابق سکریٹری اسد اللہ خان اور کانگریس لیڈر بینی پرساد ساہو نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ مدھیہ پردیش کانگریس کے نوجوان ریاستی صدر و سابق کابینہ وزیر جیتو پٹواری کی قیادت اور رہنمائی میں کانگریس تنظیم میں ایک نئی توانائی اور جوش و خروش پیدا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے ساتھ نوجوان بڑی تعداد میں جڑ رہے ہیں اور تمام کارکنان نئی امنگ اور ولولے کے ساتھ پارٹی کی مضبوطی کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ قائدین نے کہا کہ مدھیہ پردیش کے عوام بی جے پی حکومت کی پالیسیوں سے نالاں ہیں اور سابقہ کانگریس دور کی عوامی فلاح و بہبود کی اسکیموں کو یاد کرتے ہوئے امید بھری نگاہوں سے کانگریس کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے نوجوانوں نے ہمیشہ کانگریس کی حمایت کی ہے اور پارٹی کے تمام طبقات کے کارکنان پرعزم ہیں۔ رہنماؤں نے تمام سینئر لیڈران اور کارکنان سے اپیل کی کہ وہ ریاستی صدر جیتو پٹواری کو اپنا بھرپور تعاون پیش کریں تاکہ تنظیم کو زمینی سطح پر مزید مضبوط بنایا جا سکے اور آنے والے انتخابات میں ریاستی صدر جیتو پٹواری اور سابق وزیر اعلیٰ دگوجے سنگھ کی قیادت میں مدھیہ پردیش میں کانگریس کی حکومت بن کر عوامی خدمت اور تعمیر و ترقی کا نیا دور شروع ہو سکے۔









