نئی دہلی 4اپریل: معروف اسٹینڈ اپ کامیڈین کنال کامرا مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے خلاف مبینہ طور پر قابل اعتراض تبصرہ کرنے کے سلسلے میں درج مقدمے کی تفتیش کے لیے ممبئی پولیس کے سامنے ہفتہ 5 اپریل کو پیش نہیں ہوئے۔ ممبئی کے کھار پولیس تھانے نے کامرا کو سمن بھیج کر اسی روز پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا تھا۔ تاہم، یہ تیسرا موقع تھا جب کنال کامرا سمن ملنے کے باوجود پولیس کے سامنے حاضر نہیں ہوئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق کامرا نے پولیس کو ایک خط بھی لکھا تھا، جس میں انہوں نے درخواست کی تھی کہ انہیں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے بیان دینے کی اجازت دی جائے لیکن پولیس نے ان کی یہ درخواست مسترد کر دی۔ کھار پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ پولیس نے کنال کامرا کو پانچ اپریل کو پیش ہونے کے لیے تیسری بار سمن جاری کیا تھا۔ اس سے پہلے وہ دوسرے سمن پر بھی پیش نہیں ہوئے تھے، جس کے بعد کھار پولیس کی ایک ٹیم ماہم میں واقع ان کی رہائش گاہ پر پہنچی تھی تاکہ ان سے رابطہ کیا جا سکے۔ ادھر، مدراس ہائی کورٹ نے کامرا کو سات اپریل تک عبوری پیشگی ضمانت دے دی ہے۔ کامرا کا مستقل پتہ تمل ناڈو کا ہے۔ ان کے خلاف نندگاؤں (ناسک)، جلگاؤں اور ناسک دیہی علاقے میں تین ایف آئی آر درج کی گئی تھیں، جنہیں اب ممبئی کے کھار پولیس تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔ کامرا پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک پروگرام کے دوران نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے خلاف طنزیہ تبصرہ کیا تھا۔ اس معاملے میں شیوسینا کے رکن اسمبلی مورجی پٹیل نے کھار پولیس میں شکایت درج کروائی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ کنال کامرا نے اپنے شو میں ایک پیروڈی گانا گایا تھا، جس میں شندے پر پارٹی میں دراڑ ڈالنے کا طنز کیا گیا تھا۔ یہ پروگرام کھار کے ایک ہوٹل میں موجود اسٹوڈیو میں 23 مارچ کو منعقد کیا گیا تھا۔ اسی دن شیوسینا کارکنان نے پروگرام کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے نہ صرف اسٹوڈیو بلکہ ہوٹل میں بھی توڑ پھوڑ کی تھی۔