میڈرڈ، 02 مئی (یو این آئی) امریکی اسٹار ٹینس کھلاڑی کوکو گاف اور بیلاروس کی آرینا سبالینکا میڈرڈ اوپن کے فائنل میں خطاب کے لیے ٹکرائیں گی۔ امریکی اسٹار ٹینس کھلاڑی کوکو گاف نے جمعرات کو کھیلے گئے سیمی فائنل میں چار بار کی فرنچ اوپن چیمپئن پولینڈ کی ایگا سویٹیک کو شکست دے کر میڈرڈ اوپن کے فائنل میں جگہ بنالی۔ 21 سالہ گاف نے ایک گھنٹہ چار منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں سویٹیک کو 6-1، 6-1 سے شکست دے کر فائنل میں داخلہ حاصل کیا۔ یہ پہلا موقع ہے جب گاف نے سویٹیک کو کلے کورٹ پر شکست دی ہے۔ ایک اور میچ میں بیلاروس کی آرینا سبالینکا نے سیمی فائنل میں یوکرین کی ایلینا سویٹولینا کو 6-3، 7-5 سے ہرا کر ویمنز سنگلز کیٹگری کے فائنل میں جگہ بنالی۔ اس کے ساتھ اب فائنل میں کوکو گاف کا مقابلہ عالمی نمبر ایک آرینا سبالینکا سے ہوگا۔