نئی دہلی، 07 ستمبر (یو این آئی) کھیلوں کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ نے آج ’گرو سے دیسی‘ کے خصوصی موضوع پر ’فٹ انڈیا سنڈے آن سائیکل‘ پہل کے تحت ارکانِ پارلیمنٹ کے ساتھ انڈیا گیٹ اور کرتویہ پتھ پر سائیکل چلائی اور شہریوں سے دیسی مصنوعات خریدنے کی اپیل کی۔آج فٹ انڈیا سنڈے آن سائیکل کے 39ویں ایڈیشن کا انعقاد بھارتیہ ریلویز کے تعاون سے ملک بھر کے 8000 مقامات پر کیا گیا۔ نئی دہلی میں اس پروگرام کا آغاز اولمپک میڈل جیتنے والی ساکشی ملک نے صبح سات بجے میجر دھیان چند نیشنل اسٹیڈیم سے کیا، جس میں 1500 سے زیادہ سائیکل سوار اور فٹنس کے شوقین افراد موجود تھے۔ اس دوران ’گرو سے دیسی‘ تقریب میں بھارتیہ اسپورٹس ویئر اور فٹنس برانڈز نے شرکاء کے لیے دیسی مصنوعات کے اسٹال لگائے۔
پروگرام میں زرعات کے وزیر مملکت بھاگیرتھ چودھری، دفاع کے وزیر مملکت سنجے سیٹھ، نوین جندل، پرشوتم روپالا، پربھو بھائی وساوا، ہیمنگ جوشی، سُبھاش برالا، بھوجراج ناگ اور رمیش بدھوری سمیت کئی رہنماؤں نے حصہ لیا۔اس موقع پر ڈاکٹر مانڈویہ نے کہا، ’’مجھے اتوار کو سائیکل پروگرام میں ہمارے شہریوں کی بڑھتی شراکت دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے۔ یہ ایک عوامی تحریک بن گئی ہے اور اس نے فعال طرزِ زندگی اپنانے کے بارے میں اہم بیداری پیدا کی ہے۔ آج، میں نے ارکانِ پارلیمنٹ کے ساتھ ’گرو سے دیسی‘ کے موضوع پر سائیکل چلائی۔ میں اس موقع پر تمام شہریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ہندوستان میں تیار کردہ مصنوعات استعمال کریں۔‘‘









