بیجنگ 8اگست: کیا آپ نے خلاء میں اگنے والی فصلیں کھائی ہیں؟ چینی ایسا کرنے لگے ہیں۔ انہوں نے خلائی اسٹیشن پر چاول کھانے کی تیاری کرلی ہے ۔ درحقیقت چین نے خلاء میں طویل انسانی سفر کو آسان بنانے میں ایک اہم کامیابی حاصل کی ہے۔ چینی خلابازوں نے تیانگونگ اسپیس اسٹیشن پر خلاء میں چاول کی کامیابی سے کاشت اور کٹائی کی ہے۔ سائنس دانوں کا خیال ہے کہ یہ دریافت چاند سے مریخ تک مستقبل کے مشنز کے لیے گیم چینجر ثابت ہو سکتی ہے۔ تاہم بڑا سوال یہ ہے کہ یہ کرشمہ کیسے ہوا؟ زمین سے کسی بھی چیز کو خلا ءمیں بھیجنا بہت بڑا کام ہے۔ اس کے علاوہ جیسے جیسے خلاءباز زمین سے دور ہوتے جا تےہیں، ان کے لیے وقت پر راشن اور ضروری سامان پہنچانا مشکل ہو جاتا ہے۔ اس میں مریخ اور چاند کا سفر بھی شامل ہے۔ مستقبل میں اگر انسانوں کو طویل عرصے تک خلا ءمیں زندہ رہنا ہے یا دوسرے سیاروں پر بستیاں قائم کرنی ہیں تو انہیں اپنی خوراک خود اگانا ہوگی۔ چین نے اب چاول پر توجہ مرکوز کی ہے جو کہ دنیا کی اہم ترین فصلوں میں سے ایک ہے۔ مائیکرو ویو اوون جتنا بڑا چیمبر: تیانگونگ اسپیس اسٹیشن کے اندر دھان کو ایک چھوٹے، خاص چیمبر میں اگایا گیا۔ جس کا سائز ایک مائکروویو اوون جتنا ہے۔