بھوپال:یکم؍ستمبر:وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو 3 ستمبر کو دہلی میں منعقد ہونے والے’’ انویسٹمنٹ اپارچونیٹیز ان پی ایم مترا پارک‘‘ کے انٹرایکٹو سیشن میں شامل ہوںگے۔ اس موقع پر مرکزی وزیر ٹیکسٹائل مسٹری گری راج سنگھ بھی موجودرہیں گے۔ انٹرایکٹو سیشن میں، ٹیکسٹائل سیکٹر کے سرمایہ کاروں اور پالیسی سازوں کی موجودگی میں مدھیہ پردیش میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ مرکزی وزیر مسٹرسنگھ ہندوستان کے ٹیکسٹائل سیکٹر کے بڑھتے ہوئے عالمی کردار اور پی ایم مترا پارک کی اہمیت پر اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو سرمایہ کاروں کے ساتھ ون- ٹو- ون میٹنگ کریں گے اور انہیں ریاست میں بنیادی ڈھانچے، پالیسی سپورٹ اور نئے مواقع کے بارے میں جانکاری دیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ، سرمایہ کاروں کو مدھیہ پردیش کی خصوصیات سے واقف کرایا جائے گا، جو ٹیکسٹائل ہب کے طور پر اپنی پہچان بنا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ یہ بھی بتائیں گے کہ کس طرح پی ایم مترا پارک ریاست کی صنعتی تصویر میں گیم چینجر ثابت ہوگا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو ٹیکسٹائل سیکٹر میں سرمایہ کاری کی تجاویز اور امکانات پر سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں سے بھی بات چیت کریں گے۔انٹرایکٹو سیشن میں، ٹیکسٹائل کی وزارت کے سینئر افسران ٹیکسٹائل کے شعبہ میں مرکزی اسکیموں اور بڑھتے ہوئے عالمی مواقع کے بارے میں معلومات فراہم کریں گے۔ مدھیہ پردیش کے محکمہ صنعت اور ٹیکسٹائل ڈپارٹمنٹ کے افسران سرمایہ کاروں کو مدھیہ پردیش میں دستیاب وسائل، کلسٹر پر مبنی ترقی اور خصوصی پیکجوں کے بارے میں پریزنٹیشن دیں گے۔ مرکزی ٹیکسٹائل وزارت کی سکریٹری محترمہ نیلم شمی راؤ اور ٹیکسٹائل وزارت کے ایڈیشنل سکریٹری مسٹر روہت کنسل بھی اپنے خیالات شیئر کر کے ٹیکسٹائل انڈسٹری میں نئے امکانات اور مرکزی حکومت کی پالیسیوں کے بارے میں معلومات فراہم کریں گے۔مدھیہ پردیش کے پرنسپل سکریٹری صنعتی پالیسی اور سرمایہ کاری حوصلہ افزائی مسٹر راگھویندر سنگھ، ٹیکسٹائل سیٹر میںمدھیہ پردیش کی پالیسی ساز پہل ،سرمایہ کاری حوصل افزائی اسکیموں اور صنعتی منظر نامے کے بارے میں تفصیلی معلومات دیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ مدھیہ پردیش میں مجوزہ پی ایم مترا پارک کو جدید ٹیکسٹائل انڈسٹری کے لیے عالمی معیار کی سہولیات کے ساتھ ایک مربوط ہب کے طور پر تیار کیا گیا ہے۔ یہ پارک ٹیکسٹائل کی صنعت کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے ساتھ ساتھ بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری اور روزگار قیام کی بنیاد بنے گا۔