بھوپال:02؍ستمبر:وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ مدھیہ پردیش میں صنعتوں کے قیام کے لیے طریقہ کار کو مسلسل آسان بنایا جا رہا ہے۔ پہلے صنعت لگانے کے لیے 76 قسم کی اجازتیں لینی پڑتی تھیں، اب سنگل ونڈو سسٹم کے ذریعہ فوری منظوری مل رہی ہے۔ زمین الاٹمنٹ کا عمل بھی پہلے 50 سے 60 دن میں مکمل ہوتا تھا، جسے اب کم کرکے 29 دن کے اندر کر دیا گیا ہے۔ صنعتوں کو سستی شرحوں پر بجلی دستیاب کرانے کی سمت میں بھی ریاستی حکومت مسلسل کام کر رہی ہے۔ مدھیہ پردیش میں سرمایہ کاری اور صنعتوں کے لیے سازگار ماحول تیار کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو بدھ کو کھرگون ضلع کی کسراؤد تحصیل کے گاؤں پانوا میں 106.35 کروڑ روپے کی لاگت سے قائم بھدورا انڈسٹریز لمیٹڈ کے گوالیار سے ورچوئل افتتاحی پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بھدورا انڈسٹریز کے شروع ہونے سے کسراؤد علاقے میں صنعتی سرگرمیوں کو رفتار ملے گی اور مقامی سطح پر روزگار کے متعددنئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کھرگون کے لیے یہ ایک اہم موقع ہے اور علاقے میں ترقی کے بے پناہ امکانات ہیں۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ مدھیہ پردیش میں روزگار پیدا کرنے اور صنعتی ترقی کے لیے مختلف سطحوں پر مسلسل کام کیے جا رہے ہیں۔ ریاست میں کسان فلاحی سال منایا جا رہا ہے۔ کھرگون کپاس کی پیداوار کے لیے خاص طور پر جانا جاتا ہے۔ کسانوں کے مفاد میں ریاستی حکومت کی جانب سے کئی اہم فیصلے کیے گئے ہیں، جن میں منڈی ٹیکس کم کرنے کا فیصلہ بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں اور کسانوں کی ترقی سے ریاست کی معیشت مزید مضبوط ہوگی۔