دوبئی 15جولائی:وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے اپنے دبئی دورہ کے تیسرے دن ڈی پی ورلڈ اور جیبیل علی فری زون جافزا (JAFZA) کے سینئر افسران سے ملاقات کی اور “بھارت مارٹ” پروجیکٹ اور اس سے منسلک لاجسٹک امکانات کے بارے میں تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔ اس میٹنگ کو ہندوستان کے مائیکرو، اسما اور میڈیم صنعتوں (ایم ایس ایم ای) کو عالمی مارکیٹ سے جوڑنے کی سمت میں ایک تاریخی پہل سمجھا جا رہا ہے۔وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے بھارت مارٹ کو ” عالمی تجارت کا گیٹ وے” بتاتے ہوئے کہا کہ یہ جدید تجارتی مرکز ہندوستانی مصنوعات، خاص طور پر فوڈ پروسیسنگ، زراعت اور دستکاری جیسی مصنوعات کو مشرق وسطیٰ، افریقہ اور یورپ جیسے بازاروںتک براہ راست رسائی فراہم کرائے گا۔ بھارت مارٹ 2026 میں آپریشنل ہو جائے گا اور ‘لوکل سے گلوبل کی پالیسی کو نئی سمت دے گا۔
بھارت مارٹ” ہندوستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان کاروباری تعلقات کی علامت بھارت مارٹ ایک کثیر جہتی بین الاقوامی تجارتی مرکز ہے جیبیل علی فری زون جافزا(JAFZA)، دبئی میں تقریباً 2.7 ملین مربع فٹ میں تیار کیا جا رہا ہے۔ اس کا سنگ بنیاد وزیر اعظم مسٹرنریندر مودی اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے فروری 2024 میں مشترکہ طور پر رکھا تھا۔ یہ مرکز ڈی پی ورلڈ کے ذریعہ چلایا جا رہا ہے اور اس میں 1500 سے زیادہ شو رومس، جدید ترین گودام اور دفتری سہولیات شامل ہوں گی۔
اس پروجیکٹ کو ہندوستانی ایم ایس ایم ای کو عالمی پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا جا رہا ہے، تاکہ وہ اپنی معیاری اشیاء کو آسانی سے برآمد کر سکیں۔ انڈیا مارٹ عالمی تجارت میں ہندوستان کا حصہ بڑھانے کے لیے ایک مضبوط ستون بنے گا۔ میٹنگ میں خاص طور پر مدھیہ پردیش میں ڈی پی ورلڈ کی جانب سے تجویز کردہ ریل ٹرمینل اور اجین-ناگدا روٹ کو بھارت مارٹ تک بلارخنہ سامان کی سپلائی کا ایک فیصلہ کن ذریعہ قرار دیاگیا۔
یہ لاجسٹک کنیکٹیویٹی ہندوستان سے دبئی تک تیز رفتار،کفایتی اورسہل کارگو ٹرانسپورٹیشن کو یقینی بنائے گی، جس سے ریاست کے برآمد کنندگان کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا، ” ہماری حکومت اس سفر کو نہ صرف تجارت بلکہ مدھیہ پردیش کے اقتصادی مستقبل کی بنیاد مان رہی ہے۔ بھارت مارٹ کے ذریعہ ہماری ریاست عالمی سپلائی چین میں ایک مضبوط کڑی بنے گی۔”ڈی پی ورلڈ، دبئی واقع ایک معروف عالمی لاجسٹکس اور سپلائی چین سلوشن فراہم کرنے والاہے جو 78 سے زیادہ ممالک میں 100 سے زیادہ ٹرمینل اور بندرگاہیں چلاتا ہے۔ہر سال 70ملین ٹی ای یو کنٹینرہینڈل کرنے والی یہ کمپنی دنیا کی سب سے بڑی پورٹ آپریٹروں میں شمار کی جاتی ہے ۔