دہرادون، 23 مارچ (یواین آئی)اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے اتوار کو ایتھلیٹکس گراؤنڈ، مہارانا پرتاپ اسپورٹس کالج، رائے پور، دہرادون میں ریاستی سرکار کے تین سال مکمل ہونے کے موقع پر منعقدہ ’فٹ انڈیا رن‘ کا فلیگ آف کیا۔ کھلاڑیوں کے درمیان پہنچ کر وزیر اعلیٰ دھامی نے ’پش اپس‘ لگا کر ان کا حوصلہ بڑھایا اور انہیں صحت مند رہنے کی ترغیب دی۔وزیر اعلیٰ نے کھلاڑیوں کو ’فٹ انڈیا‘ کی حلف برداری بھی دلائی اور اتراکھنڈ یوتھ ویلفیئر ڈپارٹمنٹ کے تعاون سے چلائے جا رہے ڈرون کورس میں بہترین کارکردگی دکھانے والے نوجوانوں کو ڈرون بھی تقسیم کیے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج ریاستی حکومت کے تین سال مکمل ہو گئے ہیں، جو خدمت، بہترحکمرانی ، ترقی اور عوامی مفاد کے لیے وقف ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو دیکھ کر اپنے بچپن کے دنوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی زیادہ تر وقت فٹ نیس اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں گزارتے تھے۔انہوں نے کہا کہ آج جن کھلاڑیوں نے ملک کا نام روشن کیا ہے، ان کا سفر غیر معمولی حالات میں شروع ہوا تھا۔ انہوں نے نوجوانوں سے زندگی میں اپنے خوابوں کے لیے مضبوط ارادے اور بے لوث عزم رکھنے کی اپیل کی۔وزیر اعلیٰ نے ریاست کے عوام، خاص طور پر نوجوانوں سے روزانہ کم از کم آدھا گھنٹہ ورزش کرنے، متوازن غذا کھانے اور نشے سے دور رہنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ہر نوجوان کو مل کر اتراکھنڈ کا وقار بلند کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ عام شہری کی صحت اور فٹنس ہی اتراکھنڈ کی طاقت ہے اور ہمیں سب کو مل کر فٹنس کو اپنی روزمرہ کی زندگی کا حصہ بنانا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے سبھی سے خود کو فٹ رکھنے اور اپنے آس پاس کے لوگوں کو بھی صحت مند زندگی گزارنے کی ترغیب دینے کی اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ ’فٹ انڈیا موومنٹ‘ ایک صحت مند اور مضبوط ہندوستان کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کا راستہ ہے۔ ’فٹ اتراکھنڈ‘ سے ہی ایک خوشحال اتراکھنڈ بنے گا، جہاں ہر فرد ترقی کر کے ریاست کی ترقی میں تعاون دے سکے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کے عوام کی صحت مند طرز زندگی کے لیے ’فٹ انڈیا موومنٹ‘ کا آغاز کیا، جو اب ایک عوامی مشن بن چکی ہے اور ہر گھر، گاؤں اور شہر تک پہنچ گئی ہے۔ ریاستی حکومت بھی اس مشن میں بھرپور تعاون کر رہی ہے۔