رہائش گاہ پہنچ کر میت پر پھولوں کا نذرانہ پیش کیا
بھوپال، 16جولائی: وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے راجدھانی کے تاجر اور سماجی کارکن جناب جاوید بھائی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور ان کی کوہ فضارہائش گاہ پر جاکر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ چیف منسٹر شری چوہان نے جاوید بھائی کی جسد خاکی پر پھولوں کی رنگ چڑھائی۔
جناب جاوید بھائی کچھ عرصے سے بیمار تھے۔ جناب جاوید بھائی کا بھوپال اور ممبئی میں علاج کے بعد کل ممبئی کے جسلوک اسپتال میں انتقال ہوگیا تھا۔
چیف منسٹر شری چوہان نے جاوید بھائی کے بیٹوں محمدابراہیم، بھائی محمد پرویز، بھتیجے محمد اسماعیل اور زید اور خاندان کے دیگر افراد کو تسلی دی۔ اس موقع پر سابق مرکزی وزیر سریش پچوری، بھوپال کے سابق میئر آلوک شرما، سنیل سود وغیرہ موجود تھے۔
جاوید بھائی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ چوہان نے کہا کہ ان کے لیے مشکل کام بھی آسان تھا۔ جب اہم تقریبات ہوتیں تو سب انتظامات کے لیے جناب جاوید بھائی کو میسج کر کے ریلیکس ہو جاتے تھے۔ وہ سادہ طبیعت و مزاج کے انسان تھے اور سب سے پیار کرتے تھے۔ وہ ہمیں بے وقت چھوڑ گئے۔ وہ شہر میں اس طرح رچے بسے تھےکہ بھوپال ویران و سونا ہو گیا ہے۔وزیر اعلیٰ چوہان سے کوہ فضا میں جاوید بھائی کے گھر پر مختلف تنظیموں کے نمائندوں اور کئی معززین نے بھی تعزیت کرتے ہوئے شری چوہان سے ملاقات کی۔
جلسہ تعزیت آج
بھوپال، 16جولائی۔تمام اہل بھوپال و متعلقین کو مطلع کیا جاتا ہے کہ محترم جناب جاوید میاں صاحب مرحوم عرف کنجے بھائی کے انتقال پر ملال بر دار العلوم تاج المساجد میں بروز پیر صبح 11 بجے بتاریخ ۱۷ جولائی ۲۰۲۳ء جلسہ برائے تعزیت منعقد کیا جا رہا ہے جس میں دار العلوم ندوۃ العلماء کے نائب مہتمم اور ممبر مجلس شوری دار العلوم حضرت مولانا عبد العزیز صاحب بھٹکلی ندوی دامت برکاتھم بھی تشریف لا رہے ہیں ۔
تمام متعلقین و محبین سے التماس ہے کہ شرکت فرما کر مرحوم سے اپنے تعلق کا حق ادا کریں۔