گوہاٹی، 29 مارچ (یواین آئی) سست سمجھی جانے والی برساپارہ پچ پر چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) کے اسپنرز راجستھان رائلز (آر آر) کے بلے بازوں پر دباؤ ڈالنے کی حکمت عملی کے ساتھ اتوار کو میدان میں اترے گی۔آئی پی ایل 2025 کا 11واں میچ اتوار کی شام 7:30 بجے یہاں کھیلا جائے گا۔ پچ کے ٹرن لینے کے امکانات کے پیش نظر، سی ایس کے کی اسپن جوڑی نُور احمد اور رویندر جڈیجا خراب فارم سے گزر رہی آر آر کی بیٹنگ لائن اپ کے خلاف کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔ سی ایس کے نے اس سیزن کا آغاز ملی جلی کارکردگی کے ساتھ کیا ہے۔ اس نے ممبئی انڈینز کے خلاف شاندار جیت حاصل کی تھی، لیکن چیپک میں رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف اسے شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسری جانب، راجستھان رائلز اپنے ابتدائی دونوں میچ ہار کر مشکل میں پھنس چکی ہے اور فارم میں واپسی کی کوشش کر رہی ہے۔ مدمقابل کی بات کی جائے تو سی ایس کے کو 29 میچوں میں 16 فتوحات کے ساتھ معمولی برتری حاصل ہے۔ تاہم، گزشتہ چند برسوں میں آر آر کا دبدبہ رہا ہے، کیونکہ 2020 سے وہ پانچ مرتبہ کی چیمپئن ٹیم کے خلاف اپنے پچھلے آٹھ میں سے چھ میچ جیت چکی ہے۔نُور احمد، سی ایس کے کے ٹرمپ کارڈ کے طور پر ابھرے ہیں، جنہوں نے اب تک دونوں میچوں میں اہم وکٹیں حاصل کی ہیں۔ ان کی اسپن کے موافق پچ پر کارکردگی دکھانے کی صلاحیت راجستھان کے لیے ایک بڑا خطرہ ثابت ہوسکتی ہے۔
ادھر، ہمیشہ قابلِ اعتماد رہنے والے رویندر جڈیجا رنز روکنے اور درمیانی اوورز میں شراکت توڑنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ سنجو سیمسن سمیت راجستھان رائلز کے ٹاپ آرڈر کے ساتھ ان کا مقابلہ میچ کو مزید دلچسپ بنا سکتا ہے۔ سی ایس کے کے اسپنر مہیش دکشانانے اگرچہ مایوس کن آغاز کیا ہے، لیکن وہ پاور پلے میں نقصان پہنچانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ گوہاٹی کی سست وکٹ پر ان کی کیرم بال ایک مہلک ہتھیار ثابت ہو سکتی ہے۔
راجستھان رائلز کی قسمت یشسوی جیسوال پر منحصر ہو سکتی ہے، جنہوں نے 2023 سے اب تک 160.4 کے اسٹرائیک ریٹ سے 1060 رنز بنا کر نمایاں بلے باز کی حیثیت حاصل کی ہے۔
پاور پلے میں ان کی جارحانہ شروعات چنئی سپر کنگز کو ابتداء میں ہی دباؤ میں ڈال سکتی ہے۔ سن رائزرز حیدرآباد کے خلاف 37 گیندوں پر 66 رنز کی طوفانی اننگز کھیلنے والے کپتان سنجو سیمسن ایک بار پھر ٹیم کی قیادت کرنے کے لیے تیار ہوں گے۔سی ایس کے کے لیے رچن رویندرا نے ممبئی انڈینز کے خلاف 65 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیل کر اپنی کلاس پہلے ہی ثابت کر دی ہے اور وہ ٹاپ آرڈر میں ایک اہم کھلاڑی ہوں گے۔ تاہم، سی ایس کے کے مڈل آرڈر کی غیر مستقل مزاجی ایک تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے۔
برسا پارہ کی پچ روایتی طور پر اسپنرز کے لیے مددگار رہی ہے، جہاں اسپنرز نے اوسطاً 7.8 کی اکانومی سے گیند بازی کی ہے۔ یہاں پہلی اننگز کا اوسط اسکور 173 رہا ہے، جبکہ ہدف کا تعاقب کرنے والی ٹیمیں اوسطاً 158 رنز بنا سکی ہیں۔ راجستھان رائلز کی فارم میں واپسی کی کوشش اور چنئی سپر کنگز کے اسپنرز کی بہتر کارکردگی کی توقع کے ساتھ، اتوار کا یہ مقابلہ مہارت، حکمت عملی، اور حالات سے ہم آہنگ ہونے کی صلاحیت کا ایک سنسنی خیز امتحان ثابت ہو سکتا ہے۔