چنڈی گڑھ3جنوری: اپنی بیوی اور بچوں کو چھوڑ کر بیرون ملک شادی کرنے والے این آر آئی شوہروں کو اب ہر یانہ ریاستی خواتین کمیشن سخت سبق سکھانے جا رہا ہے۔ خواتین کمیشن ایسے دغاباز شوہروں کے خلاف ’’لُک آؤٹ نوٹس‘‘ جاری کروانے والا ہے تاکہ ہندوستان میں قدم رکھتے ہی ان کی گرفتاری یقینی بنائی جا سکے۔ ہر یانہ ریاستی خواتین کمیشن کے پاس سال بھر میں 31 ایسے معاملات آئے ہیں، جہاں شادی کے بعد شوہر نے اپنی بیوی کی پوری دنیا اجاڑ دی اور خود بیرون ملک چلا گیا۔ وہاں جا کر وہ دوبارہ شادی کر کے اپنی نئی زندگی بسالی ۔ ایسے میں بیوی یہاں انصاف کے لیے در در بھٹکتی رہتی ہے۔ تاہم، ہر یانہ ریاستی خواتین کمیشن کی سختی کے بعد 11 شوہروں نے بیرون ملک سے واپس آ کر اپنی بیویوں کے ساتھ سمجھوتہ کر لیا۔ مگر ان لوگوں کے خلاف جو خواتین کمیشن کے بار بار سمن کے باوجود نہیں آ رہے، سخت کارروائی کی جائے گی۔ خواتین کمیشن ایسے شوہروں کے خلاف لُک آؤٹ نوٹس جاری کروائے گا تاکہ ہندوستان میں قدم رکھتے ہی ان کی گرفتاری یقینی بنائی جا سکے۔ ہر یانہ ریاستی خواتین کمیشن کی چیئرپرسن رینو بھاٹیا نے کہا کہ صرف ہر یانہ ہی نہیں بلکہ پورے ملک سے روزانہ ایسے متعدد معاملات سامنے آتے ہیں، جب شوہر اپنی بیوی اور بچوں کو چھوڑ کر بیرون ملک چلا جاتا ہے اور وہاں شادی کر لیتا ہے اور یہاں ان کی بیوی اور بچے انصاف کے لیے بھٹکتے رہتے ہیں۔









