رائے پور، 16 جون (یو این آئی) چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی وشنو دیو سائی نے کہا ہے کہ چھتیس گڑھ کرکٹ پریمیئر لیگ (سی سی پی ایل) کے انعقاد سے ریاست کے باصلاحیت کرکٹ کھلاڑیوں کو کھیلنے کا بہترین موقع ملا ہے۔مسٹر سائی اتوار کی دیر رات نوا رائے پور کے شہید ویرنرائن سنگھ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقدہ سی سی پی ایل سیزن 2 کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ یہ چھتیس گڑھ کے لیے خوش قسمتی کی بات ہے کہ یہاں سی سی پی ایل جیسا کرکٹ ٹورنامنٹ شاندار طریقے سے منعقد کیا گیا۔ ریاست میں ہم سبھی کھیلوں کو فروغ دینے کی مسلسل کوشش کر رہے ہیں۔ اس لیگ کے ذریعے ریاست کے باصلاحیت کرکٹ کھلاڑیوں کو کھیلنے کا بہترین موقع ملا ہے۔ چھتیس گڑھ اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن اس ایونٹ کے لیے مبارکباد کی مستحق ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بارش کے باعث آج فائنل میچ نہیں کھیلا جا سکا۔ رائے پور رائنوز اور راج ناندگاؤں پینتھرس کی ٹیموں کو مشترکہ فاتح قرار دیا گیا ہے۔ میں دونوں ٹیموں کو مبارکباد دیتا ہوں اور تمام کھلاڑیوں کے روشن مستقبل کی خواہش کرتا ہوں۔ یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ خراب موسم کے باوجود کرکٹ شائقین کی بڑی تعداد سٹیڈیم میں موجود ہے۔ مجھے امید ہے کہ چھتیس گڑھ اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن مستقبل میں بھی اسی طرح لیگ کا انعقاد کرتی رہے گی۔واضح رہے کہ یہ لیگ 6 جون سے 15 جون تک منعقد کی گئی تھی جس میں رائے پور رائنوز، راج نندگاؤں پینتھرز، رائے گڑھ لائنز، بستر بائی سنز، بلاس پور بلز اور سرگوجا ٹائیگرز کی ٹیموں نے حصہ لیا۔