نئی دہلی، 22 جون (یواین آئی) بہاماس کو شکست دے کر کینیڈا ٹی-20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کرنے والی 13ویں ٹیم بن گئی ہے۔امریکہ میں جاری کوالیفائر میں جمعہ کو ہونے والے میچ میں کینیڈا نے کالیِم سنا اور شِوَم شرما کی شاندار بولنگ کی بدولت بہاماس کی ٹیم کو صرف 57 رنز پر آل آؤٹ کر دیا تھا۔ کینیڈا کی طرف سے دونوں گیندبازوں نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں کینیڈا نے صرف 5.3 اوورز میں میچ جیت لیا۔کینیڈا کے بلے باز دِلپریت باجوا نے صرف 14 گیندوں پر ناٹ آو ٹ 36 رنز کی اننگز کھیلی۔ کینیڈا نے یہ کامیابی ٹورنامنٹ میں مسلسل پانچویں جیت کے ساتھ حاصل کی۔یہ دوسرا موقع ہوگا جب کینیڈا کی ٹیم ہندوستان میں کسی ورلڈ کپ میں شرکت کرے گی۔ اس سے قبل 2011 میں کینیڈا نے ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا تھا، جس میں اسے 6 میچز میں صرف ایک جیت ملی تھی۔
ٹی-20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے اب تک کوالیفائی کرنے والی 13 ٹیمیں ہیں:
ہندوستان، سری لنکا، آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ، پاکستان، نیوزی لینڈ، افغانستان، امریکہ، ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش، آئرلینڈ اور کینیڈا۔آنے والے مہینوں میں مزید کوالیفائر ٹورنامنٹس کے ذریعے باقی 7 ٹیموں کا انتخاب کیا جائے گا۔