بھوپال 10اگست: وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو کا پیر کے روز رویندر بھون میں پولیس محکمہ کی جانب سے استقبال کیا گیا۔ پولیس محکمہ میں بڑی تعداد میں نئی بھرتیوں کا آغاز کرنے اور کئی برسوں سے زیر التوا ترقیوں کا فائدہ دلانے کے لیے پولیس افسران اور ملازمین نے وزیراعلیٰ کے تئیں اظہارِ تشکر کیا۔وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے اس موقع پر کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ پولیس فورس اور پولیس اہلکاروں، دونوں کا حوصلہ بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکار قانون و انتظام برقرار رکھنے کے لیے ہر چوٹ اور دباؤ برداشت کرتے ہیں، لیکن ان کی محنت کے احترام اور انعام ملنے کا یقین بھی ضروری ہے۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پولیس محکمہ کے 58 کیڈروں میں ریکارڈ 27 ہزار 534 پولیس افسران و ملازمین کو ترقی دی گئی ہے۔ ان میں میدانی سطح کے 12 ہزار 928 کانسٹیبل ہیڈ کانسٹیبل اور 5 ہزار 171 ہیڈ کانسٹیبل اسسٹنٹ سب انسپکٹر بنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں ترقی کا راستہ کھلنے کا سب سے بڑا فائدہ پولیس محکمہ کو ملا ہے۔ نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ سال 2023 سے اب تک مختلف کیڈروں میں 14 ہزار 704 سے زیادہ امیدواروں کا انتخاب ہو چکا ہے اور 9 ہزار 751 اضافی عہدوں پر بھرتی کا عمل جاری ہے۔ پولیس بینڈ اور ایف ایس ایل کی بھرتی بھی آخری مرحلے میں ہے۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے پروگرام میں اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے کھنڈوا میں نئی پولیس بٹالین قائم کی جائے گی۔ ریاست میں تین ریاستی صنعتی سکیورٹی فورس تشکیل دی جائیں گی۔ پہلے مرحلے میں ایک فورس تشکیل دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ خصوصی پسماندہ قبائلی گروپ (PVTG) میں شامل بیگا، بھاریا اور ساہریا قبائلی نوجوانوں کی خصوصی کمپنیاں بھی تشکیل دی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ خاکی وردی اور کندھوں پر سجے ستارے مدھیہ پردیش کے ساڑھے 8 کروڑ شہریوں کی سلامتی اور اعتماد کی علامت ہیں۔ انہوں نے پولیس اہلکاروں سے ایمانداری، حساسیت، نظم و ضبط اور غیر جانب داری کے ساتھ کام کرتے ہوئے عوام میں پولیس کے تئیں محبت اور مجرموں میں قانون کا خوف پیدا کرنے کی اپیل کی۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا ہے کہ مدھیہ پردیش پولیس حب الوطنی، عوامی خدمت، حوصلے اور اپنی وابستگی کے بل پر ملک بھر میں اپنی خصوصی شناخت بنا رہی ہے۔ مدھیہ پردیش پولیس ملک کی بہترین پولیس فورس میں شامل ہے۔ اس کے لیے تمام پولیس اہلکار مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ہماری پولیس کو جو بھی کام ملا، اسے بہترین طریقے سے مکمل کیا ہے۔ چمبل خطے سے ڈاکوؤں کے مسئلے کو ختم کیا اور مدھیہ پردیش کو ملک میں سب سے پہلے نکسل ازم کے مسئلے سے آزاد کرایا۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ پولیس اپنی ڈیوٹی انجام دے، حکومت آپ کے خاندان کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ پولیس کے جوان اور افسران نظم و ضبط کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں پوری کرکے اپنی زندگی کو بامقصد بناتے ہیں۔ پولیس کی روایت میں قومی سلامتی کے مشیر مسٹر اجیت ڈووال جیسے متعدد نام ہیں، جو ریٹائرمنٹ کے بعد بھی ملک کی خدمت کر رہے ہیں۔ مسٹر ڈووال نے قومی سلامتی کو مضبوط بنانے کے لیے قابلِ تعریف کام کیے ہیں۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ ہماری حکومت نے پولیس محکمہ کے 58 کیڈروں میں ریکارڈ 27 ہزار 534 افسران اور ملازمین کو بھی ترقی کا فائدہ دیا ہے۔ پولیس اہلکار اپنی صلاحیت اور قابلیت کے بل پر آگے بڑھ رہے ہیں۔ ہمارے 30 ریزروڈ اہلکار انسپکٹر سے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (DSP) بنے ہیں۔









