نئی دہلی25مئی: آل انڈیا مہلا کانگریس کی صدر الکا لامبا نے نئی دہلی میں واقع اے آئی سی سی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس دوران انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر الزام عائد کیا کہ وہ آپریشن سندور کو سیاسی فائدے کے لیے استعمال کر رہی ہے اور اس عمل میں فوج، شہداء اور ان کے خاندانوں کی توہین کر رہی ہے۔ الکا لامبا نے کہا کہ بی جے پی کی اعلیٰ قیادت نے پارٹی کے رہنماؤں کو ہدایت دی ہے کہ وہ آپریشن سندور کا سارا کریڈٹ وزیر اعظم نریندر مودی کو دیں۔ انہوں نے اس عمل کو ایک منظم پی آر مہم قرار دیا جس کے تحت فوجی اہلکاروں کی قربانیوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ہریانہ سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ رام چندر جانگڑا کی ایک ویڈیو کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے ایک شہید کی بیوہ کو بزدل قرار دیا۔ الکا لامبا نے اس بیان کو نہ صرف توہین آمیز بلکہ شہید کے خاندان کے لیے جذباتی طور پر نقصان دہ قرار دیا۔ الکا لامبا نے مدھیہ پردیش کے وزیر وجے شاہ کے ایک بیان کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے کرنل صوفیہ قریشی کے بارے میں نازیبا الفاظ استعمال کیے۔ انہوں نے اس بیان کو خواتین افسران کی بے حرمتی قرار دیا۔ مدھیہ پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ جگدیش دیوڑا کے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فوج وزیر اعظم مودی کے سامنے سر بہ سجود ہے، جو کہ فوج کی خودمختاری کی توہین ہے۔ الکا لامبا نے کہا کہ ہریانہ سے تعلق رکھنے والے نیوی آفیسر لیفٹیننٹ ونے نروال کی بیوہ ہمانشی کو سوشل میڈیا پر ٹرول کیا گیا اور ان کے خیالات کے لیے انہیں نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس پر کوئی قانونی کارروائی نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ خارجہ سیکریٹری وکرم مسری کے بیان کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی بیٹیوں کی تصاویر اور ذاتی فون نمبرز وائرل کیے گئے لیکن اس پر بھی کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ الکا لامبا نے وزیر اعظم نریندر مودی کے ایک پرانے بیان کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے کہا، ’’ان کی رگوں میں خون نہیں، گرم سندور بہہ رہا ہے۔‘‘ انہوں نے اس بیان کو فوجیوں کی قربانیوں کی توہین قرار دیا۔