احمد آباد، 04 جون (یواین آئی) انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2025 کے اختتام کے بعد ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے گجرات ٹائٹنز کے بلے باز بی سائی سدرشن کو اورنج اور اسی ٹیم کے تیز گیند باز پرسدھ کرشنا کو سب سے زیادہ وکٹیں لینے پر پرپل کیپ سے نوازا گیا ہے۔گجرات ٹائٹنز کی ٹیم بھلے ہی فائنل میں نہ پہنچ سکی ہو لیکن اس کے بلے باز سائی سدرشن نے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 759 رنز بنا کر سرفہرست رہے اور انہیں اورنج کیپ سے نوازا گیا۔ وہیں دوسرے نمبر پر سوریہ کمار یادو، سائی سدرشن سے 42 رنز پیچھے رہے۔ البتہ منگل کی رات فائنل میں 42 رنز کی اننگز کھیلنے والے وراٹ کوہلی نے ٹورنامنٹ میں 657 رنز بنائے اور وہ اورنج کیپ ٹیبل میں تیسرے نمبر پر رہے۔ کپتان شبھمن گل 650 رنز کے ساتھ چوتھے نمبر پر جبکہ لکھنو سپر جائنٹس کے مچیل مارش نے 627 رنز کے ساتھ اس ٹیبل میں پانچواں مقام حاصل کیا۔تیز گیند باز (گجرات ٹائٹنز) پرسدھ کرشنا نے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 25 وکٹیں لے کر سرفہرست مقام حاصل کیا اور انہیں پرپل کیپ سے نوازا گیا۔ چنئی سپر کنگز کے نور احمد 14 میچوں میں 24 وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ آر سی بی کے جوش ہیزل ووڈ نے 12 میچوں میں 22 وکٹیں لیں اور وہ تیسرے نمبر پر رہے۔ ٹرینٹ بولٹ 22 وکٹوں کے ساتھ چوتھے اور فائنل میں تین وکٹیں لینے والے ارشدپ سنگھ اس ٹیبل میں 21 وکٹوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہے۔