پٹنہ 8جولائی:’’بہار میں مہاگٹھ بندھن نے پوری کوشش کی ہے کہ عوام پریشان نہ ہوں، انھیں کوئی تکلیف نہ ہو، لیکن الیکشن کمیشن کی یہ کوشش ہے کہ عوام کے لیے تکلیف برقرار رہے۔ الیکشن کمیشن لگاتار کوشش کر رہا ہے کہ ووٹر لسٹ سے ووٹر ہٹائے جائیں، کیونکہ ایسی سازش یہ مہاراشٹر میں کر چکے ہیں۔ وہاں الیکشن کمیشن نے نئے ووٹرس جوڑ دیے تھے۔‘‘ یہ بیان آج کانگریس کے سینئر لیڈر اور رکن اسمبلی ڈاکٹر شکیل احمد خان نے میڈیا کے سامنے دیا۔
ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ’’جب اس معاملے پر حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے ایوان میں سوال پوچھا اور الیکشن کمیشن سے جواب طلب کیا، تو کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ لیکن بہار میں لوگ بیدار ہیں، ہمیں کوئی بے وقوف نہیں بنا سکتا۔‘‘ اپنا یہ رد عمل ڈاکٹر شکیل احمد خان نے بہار میں اسمبلی انتخاب سے عین قبل ووٹرس کی خصوصی گہری نظر ثانی (ایس آئی آر) کرائے جانے پر دیا۔ انھوں نے الیکشن کمیشن کے ذریعہ اٹھائے گئے اس قدم کو سازش پر مبنی اور عوام کو پریشان کرنے والا قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’لوگوں کا آئینی حق نہ ختم ہو جائے، اس لیے ہم سبھی کو متحد ہونا ہوگا۔ بی جے پی ہر قیمت پر بہار میں برسراقتدار ہونا چاہتی ہے، لیکن مہاگٹھ بندھن ایسا ہونے نہیں دے گا۔‘‘ کانگریس کے قومی میڈیا کوآرڈنیٹر ابھے دوبے نے بھی بہار میں ووٹرس کی خصوصی نظر ثانی معاملے پر اپنا سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔