پٹنہ 28اکتوبر: بہار میں اسمبلی انتخابات کے پیشِ نظر مہاگٹھ بندھن نے اپنا انتخابی منشور جاری کر دیا ہے۔ مہاگٹھ بندھن کے وزیر اعلیٰ امیدوار تیجسوی یادو نے تمام اتحادی پارٹیوں کے سرکردہ رہنماؤں کے ساتھ مل کر اس انتخابی منشور کو جاری کیا، جسے ’تیجسوی پرن‘ یعنی ’تیجسوی کا عہدنامہ‘ نام دیا گیا ہے۔ اس انتخابی منشور میں بہار اور عوام کی ترقی کا خاکہ نظر آتا ہے۔ بے روزگاری ختم کر ریاستی عوام کو مضبوط بنانے کے لیے کئی منصوبوں کو اس انتخابی منشور میں شامل کیا گیا ہے۔ تیجسوی یادو نے اس انتخابی منشور کو جاری کرنے کے بعد کہا کہ ’’آج ہم لوگوں کے لیے بہت خاص دن ہے۔ ہمیں بہار کو بنانے کا کام کرنا ہے۔ ہم لوگوں نے آپ کے سامنے اپنے عزائم رکھ دیے ہیں۔ ہم لوگوں نے ظاہر کر دیا ہے کہ بہار کو نمبر 1 کیسے بنائیں گے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ یہ پارٹیوں اور دلوں کا عہد نامہ ہے۔ اگر ہمیں اپنی جان دے کر بھی یہ وعدے پورے کرنے پڑے، تو ہم ضرور کریں گے۔ جب کوئی بہاری کچھ ٹھان لیتا ہے، تو اسے پورا کر کے دکھاتا ہے۔ تیجسوی یادو کا کہنا ہے کہ کچھ بیرونی طاقتیں بہار کو اپنی نوآبادی بنانا چاہتی ہیں، لیکن ہم کسی بھی حال میں ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے لیے ہمدردی رکھتا ہوں۔ بی جے پی اور بدعنوان افسران نے نتیش کمار کو محض ایک کٹھ پتلی بنا دیا ہے۔ بی جے پی والے صرف ان کے چہرے کا استعمال کر رہے ہیں۔ تیجسوی نے واضح لفطوں میں کہا کہ ’’امت شاہ نے پہلے ہی واضح کر دیا ہے کہ نتیش کمار دوبارہ وزیر اعلیٰ نہیں بننے جا رہے۔ اب این ڈی اے کا وزیر اعلیٰ کون ہوگا، یہ ان کی پارٹی طے کرے گی۔ یعنی این ڈی اے نتیش کمار کو وزیر اعلیٰ نہیں بنانے جا رہی ہے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’ہم پہلے ہی یہ بات کہتے آئے ہیں۔
ور اب یہ بات صاف ہو گئی ہے۔ مہاگٹھ بندھن نے تو اپنا وزیر اعلیٰ امیدوار طے کر لیا، لیکن این ڈی اے نے آج تک یہ نہیں بتایا کہ ان کا امیدوار کون ہے۔ آپ اگر وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کے ساتھیوں کی باتیں سنیں تو ہر بات منفی لگتی ہے۔ بی جے پی کے کسی رہنما کے پاس بہار کو آگے بڑھانے کا کوئی ویژن نہیں ہے۔‘‘