ممبئی، 21 فروری (یو این آئی): ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے ہفتہ کے روز ‘کرکٹ ایسوسی ایشن فار دی بلائنڈ ان انڈیا (سی اے بی آئی) کے لیے بڑے پیمانے پر امداد اور تعاون کا اعلان کیا ہے۔بی سی سی آئی کے اس اقدام کے تحت اب مرد اور خواتین دونوں ٹیموں کو ہر سال دو غیر ملکی ٹورنامنٹس کے لیے بین الاقوامی سفر کی سہولیات، ہندوستان میں ہونے والی دوطرفہ سیریز کے دوران مقامی اور مہمان ٹیموں کے قیام کا انتظام، اور بی سی سی آئی سے منسلک اسٹیڈیمز اور میدانوں تک رسائی فراہم کی جائے گی۔ اس کا مقصد نابینا کرکٹرز کو اعلیٰ سطح کے پیشہ ورانہ کھیل کا ماحول فراہم کرنا ہے۔اس موقع پر بی سی سی آئی کے صدر متھن منہاس نے کہا: “ہندوستان کے نابینا کرکٹرز کی کامیابی کرکٹ کی دنیا کے لیے باعثِ فخر ہے۔ اس امدادی فریم ورک کے ذریعے بی سی سی آئی کا مقصد ان ایتھلیٹس کے لیے مواقع، بنیادی ڈھانچے اور نمائش کو مضبوط بنانا ہے۔ کھیل کے حوالے سے ہمارے وژن میں سب کی شمولیت سب سے اہم ہے۔بی سی سی آئی کے سیکرٹری دیوجیت سیکیا نے اس فیصلے کو اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے نابینا کرکٹرز کو اندرون اور بیرونِ ملک پورے اعتماد کے ساتھ مقابلہ کرنے کے لیے ضروری سہولیات میسر ہوں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی سی سی آئی کے تعاون سے نابینا کرکٹ میں پیشہ ورانہ معیار کو بلند کرنے میں مدد ملے گی۔قابلِ ذکر ہے کہ ہندوستانی نابینا کرکٹرز نے گزشتہ دہائی کے دوران عالمی سطح پر شاندار فتوحات حاصل کی ہیں، جن میں کئی مرد ورلڈ کپ ٹائٹلز اور خواتین کا تاریخی پہلا ورلڈ کپ جیتنا شامل ہے۔ موجودہ آئی سی سی چیئرمین جے شاہ نے بی سی سی آئی کے سیکرٹری کے طور پر اپنے دورِ ملازمت میں اس اقدام کی بھرپور وکالت کی تھی اور اب آئی سی سی میں بھی وہ اس کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں۔









