بھوپال 27جولائی: وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ ہماری حکومت بہت جلد (اکتوبر 2025 تک) بھوپال کے باشندوں کو میٹرو ٹرین کا منفرد تحفہ دینے کے ہدف کی طرف تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اندور میں مسافر میٹرو سروس شروع ہو گئی ہے۔ اسے عوام کی طرف سے بہت اچھا رسپانس ملا ہے۔ بھوپال میٹرو ٹرین کا کام بھی تیزی سے چل رہا ہے۔ کچھ کام رہ گیا ہے جو ڈیڑھ سے دو ماہ میں مکمل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھوپال میٹرو کا ٹیسٹ رن چل رہا ہے۔ بھوپال میٹرو کا معائنہ ریسرچ ڈیزائن اسٹینڈرڈ آرگنائزیشن (آر ڈی ایس او) نے مکمل کیا ہے۔ جلد ہی کمشنر، میٹرو ریل سیفٹی (سی ایم آر ایس) معائنہ کے لیے آئیں گے۔ کمشنر ریل سیفٹی سے اجازت ملتے ہی بھوپال میٹرو ٹرین کا ترجیحی کوریڈور عام لوگوں کے لیے کھول دیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو اتوار کو بھوپال میٹرو ٹرین کے کام کا قریب سے معائنہ کرنے کے بعد میڈیا سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر پسماندہ طبقات اور اقلیتی بہبود کی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) مسز کرشنا گوڑ، شہری ترقیات اور مکانات کے ایڈیشنل چیف سکریٹری مسٹر سنجے دوبے، سماجی کارکن مسٹر رویندر یاتی، مسٹر راہول کوٹھاری اور ایم پی میٹرو ٹرین کارپوریشن لمیٹیڈ کے عہدیدار موجود تھے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے اتوار کو بھوپال میٹرو ٹرین پر سواری کی اور اس کا آزمائشی سفر (ٹیسٹ رن) کیا۔ وزیر اعلیٰ نے تین کوچ والی میٹرو ٹرین میں سبھاش نگر اسٹیشن سے ایمس تک اور ایمس سے آر کے ایم پی اسٹیشن واپسی پر اس میں موجود سہولیات اور خصوصیات کو جاننے کے لیے ٹیسٹ رن لیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی کی قیادت میں ہماری حکومت شہری سہولیات کو بڑھانے کے لیے تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔ وزیر اعظم مسٹر مودی نے اندور اور بھوپال شہر کو میٹرو ٹرین کا تحفہ دیا ہے۔ ان کی رہنمائی میں ہماری حکومت جلد ہی بھوپال میٹرو ٹرین کا افتتاح کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ میٹرو ٹرین کے سفر کو پرلطف قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم جلد از جلد بھوپال کے ہر شہری کو اس پرلطف سفر کا تحفہ دینا چاہتے ہیں۔میٹرو میں سفر کرنے سے پہلے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے بھوپال میٹرو ریل کے ترجیحی کاریڈور کے بارے میں جانکاری لی۔ وزیر اعلیٰ سبھاش نگر میٹرو اسٹیشن کے قریب قائم میٹرو ٹرین کے سنٹرل کنٹرول روم (کمانڈ سینٹر) بھی پہنچے اور وہاں سے میٹرو ٹرین کے آپریشن کے بارے میں تکنیکی جانکاری حاصل کی۔