بھوپال:25؍دسمبر:(پریس ریلیز)مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال کے لیے باعثِ فخر خبر ہے کہ بین الاقوامی سطح پر اپنی پہچان بنا چکے ممتاز ہاکی امپائر فہیم محمد خان کو ہاکی انڈیا لیگ (HIL) کے لیے ٹیکنیکل آفیسر کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔ ان کا یہ انتخاب ملک کی اعلیٰ ہاکی تنظیم ہاکی انڈیا کی جانب سے کیا گیا ہے۔یہ باوقار اور عالمی معیار کی لیگ 28 دسمبر سے شروع ہو کر 26 جنوری تک جاری رہے گی، جس میں 4 خواتین اور 8 مرد ٹیمیں حصہ لیں گی۔ مقابلے رانچی، چنئی اور بھونیشور میں منعقد کیے جائیں گے، جہاں ملک و بیرونِ ملک کے نامور کھلاڑی اور آفیشلز اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔
فہیم محمد خان حال ہی میں ملائشیا میں منعقدہ سلطان ازلان شاہ کپ میں اپنی ذمہ داریاں ادا کر کے وطن واپس لوٹے ہیں۔ اس سے قبل بھی وہ متعدد اہم بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں خدمات انجام دے چکے ہیں، جن میں ساوتھ ایشین گیمز، ایشین چیمپئنز ٹرافی (عمان)، جونیئر ایشیا کپ (بنگلہ دیش)، انڈیا-بیلاروس ٹیسٹ سیریز، اولمپک کوالیفائر (بھارت)، ایشیا کپ (جکارتہ، انڈونیشیا)، ہاکی انڈیا لیگ اور ایف آئی ایچ پرو لیگ شامل ہیں۔
فہیم خان بین الاقوامی ہاکی فیڈریشن (FIH) کے انٹرنیشنل پینل کے رکن بھی ہیں اور گزشتہ کئی برسوں سے ہاکی انڈیا کے تحت ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اور ٹیکنیکل آفیسر کے طور پر اپنی خدمات انجام دیتے آ رہے ہیں۔ ان کی پیشہ ورانہ مہارت، غیر جانبداری اور نظم و ضبط نے انہیں عالمی سطح پر ممتاز مقام دلایا ہے۔
تعلیمی میدان میں بھی فہیم محمد خان ایک نمایاں شناخت رکھتے ہیں۔ وہ اس وقت مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، بھوپال کے شعبۂ صحت و جسمانی تعلیم میں اسسٹنٹ پروفیسر کے عہدے پر فائز ہیں۔ ان کی اس شاندار کامیابی پر یونیورسٹی کے پرنسپل پروفیسر نوشاد حسین اور اساتذہ و عملے نے دلی مبارکباد پیش کی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
فہیم محمد خان کی یہ کامیابی نہ صرف ان کے ذاتی کیریئر کا اہم سنگِ میل ہے بلکہ بھوپال، مدھیہ پردیش اور پورے ملک کے لیے باعثِ فخر ہے۔ ان کی خدمات بھارتی ہاکی کو عالمی سطح پر مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔









