بھوپال ۔ 26/ اگست( شہری نمائندہ) بی ایچ ای ایل بھوپال کے جنرل منیجر ٹی یو سنگھ نے گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کی ۔ اس دوران انہوں نے بتایا کہ بھارت ہیوی الیکٹریکلز لمیٹڈ (بھیل) سُپر کریٹیکل پاور ٹیکنالوجی تیار کرنے میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ حالیہ دنوں میں کئی بڑے آرڈر ملے ہیں جس کے نتیجے میں مالی سال میں بہتر کارکردگی ریکارڈ کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ سُپر کریٹیکل پاور ٹیکنالوجی سے متعلقہ منصوبوں میں بھوپال بھیل کا انتظامیہ لیڈ رول میں ہے۔ تمام افسران اور ملازمین کی مشترکہ کوششوں سے یہ ممکن ہو پایا ہے اور ایک نیا ریکارڈ قائم کرنے کی سمت میں تیزی سے کام جاری ہے۔ پچھلے برسوں کے مقابلے میں کئی بڑے آرڈر ملے ہیں جنہیں پورا کرنے کے لیے دن رات محنت کی جا رہی ہے۔بھیل نے مالی سال کے دوران ریکارڈ آرڈرز حاصل کیے ہیں۔ اگر 2024-25 کے اعداد و شمار دیکھے جائیں تو 19 فیصد اضافہ درج ہوا ہے، جب کہ 2023-24 کے مقابلے میں آمدنی 10 فیصد زیادہ رہی۔ 2024-25 میں بھیل نے اپنا خالص خسارہ 2.68 ارب روپے سے گھٹا کر 1.05 ارب روپے تک لے آیا ہے۔سنگھ نے بتایا کہ گووندپورا واقع اسپورٹس کمپلیکس میں کھلاڑیوں کے لیے کئی طرح کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور اس سمت میں تیزی سے کام جاری ہے۔ کھلاڑیوں کو نئی ٹیکنالوجی سے روشناس کرانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ میجر دھیان چند کی جینتی کو یومِ کھیل کے طور پر منایا جائے گا اور اس موقع پر کئی طرح کے پروگرام کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔