نئی دہلی 23اگست: وزیراعظم نریندر مودی نے ہفتے(23،اگست) کے روز نیشنل اسپیس ڈے (National Space Day) کے موقع پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ بھارت جلد ہی اپنا خلائی اسٹیشن (Space Station) تیار کرے گا۔ اس موقع پر انہوں نے بھارتی خلا باز گروپ کیپٹن شبھانشو شکلا کی تاریخی کامیابی کا ذکر کیا، جنہوں نے حال ہی میں بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (ISS) پر ترنگا لہرایا تھا۔ مودی نے کہا کہ بھارت تیزی سے جدید خلائی ٹیکنالوجیز جیسے سیمی۔کریوجینک انجنز اور الیکٹرک پروپلشن میں ترقی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے سائنسدانوں کی محنت سے جلد ہی گگن یان مشن (Gaganyaan Mission) کامیابی حاصل کرے گا اور آنے والے وقت میں بھارت اپنا خلائی اسٹیشن تعمیر کر کے دنیا کو حیران کر دے گا۔ وزیراعظم نے نوجوان نسل کو اس مشن کا حصہ بننے کی دعوت دیتے ہوئے کہا: ’’آج کے دن، میں اپنے نوجوان دوستوں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ بھارت کے ’ایسٹرونٹ پول‘ کا حصہ بنیں اور ملک کے خوابوں کو پر لگائیں۔‘‘ وزیراعظم نے مزید کہا کہ انہوں نے حال ہی میں خلا باز شبھانشو شکلا سے ملاقات کی، جنہوں نے بھارت کا پرچم خلائی اسٹیشن پر لہرا کر پورے ملک کو فخر سے سرشار کر دیا۔ وزیراعظم کے مطابق یہ لمحہ اور وہ جذبہ الفاظ سے ماورا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شبھانشو شکلا کی جرات اور نوجوان بھارت کے خواب ایک نئے عہد کی بنیاد ہیں۔
جماعتِ اسلامی سے منسلک 200 سے زائد اسکولوں پر سرکاری کنٹرول
سری نگر،23 اگست(یو این آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے جموں و کشمیر حکومت کی اس کارروائی کا خیرمقدم کیا ہے جس کے تحت جماعتِ اسلامی اور اس کی ذیلی تنظیم فلاحِ عام ٹرسٹ سے وابستہ دو سو سے زائد اسکولوں کو اپنے کنٹرول میں لیا گیا ہے۔ پارٹی نے اس اقدام کو وادی کے ہزاروں طلبہ کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لئے ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔ بی جے پی کی نائب صدر اور سابق وزیرِ تعلیم پریا سیٹھی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جماعتِ اسلامی اور اس کی ذیلی تنظیم فلاحِ عام ٹرسٹ نے تعلیم کے مقدس پلیٹ فارم کو علم کے فروغ کے بجائے انتہاپسندی اور بنیاد پرستی پھیلانے کے لئے استعمال کیا۔انہوں نے کہا،’ ان اسکولوں کو حکومت کی تحویل میں لے کر اس گھناؤنے سلسلے کو ختم کر دیا گیا ہے اور ہزاروں معصوم طلبہ کا تعلیمی مستقبل محفوظ بنا دیا گیا ہے۔‘