بھاگلپور، 04 مئی (یو این آئی) بہار اسٹیٹ اسپورٹس اتھارٹی اور ضلع انتظامیہ کے زیراہتمام یہاں کھیلو انڈیا یوتھ گیمز 2025 کے تحت منعقدہ قومی تیر اندازی مقابلہ آج شروع ہوگیاہے۔مقامی سینڈیس گراؤنڈ کے اوپن تھیٹر میں منعقدہ اس چار روزہ مقابلے کے افتتاح کے موقع پر بھاگلپور کے ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر نول کشور چودھری اورر سنیئرسپرنٹنڈنٹ آف پولیس ہردے کانت نے تمام کھلاڑیوں سے ہاتھ ملا کرتعارف حاصل کرتے ہوئے ان کا استقبال کیا۔ مقابلے میں ملک کی مختلف ریاستوں سے کل 61 تیر اندازی کے کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں جن میں 31 خواتین کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر چودھری نے کھلاڑیوں اورشائقین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے کھیل مقابلوں کے انعقاد سے نہ صرف کھیلوں کو فروغ ملے گا بلکہ بھاگلپور کو بھی ایک الگ پہچان ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ بھاگلپور میں پہلی بار قومی سطح پر کھیلوں کے مقابلے میں بڑی تعداد میں کھلاڑیوں اور شائقین کے مہا کمبھ سے ضلع کے لوگوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ اسپورٹس گراؤنڈ کو انٹرنیشنل اسپورٹس گراؤنڈ کی طرز پر تمام سہولیات سے آراستہ کرنے کی ہر ممکن کوشش کی گئی ہے تاکہ یہاں آنے والے کھلاڑیوں کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ یہ انعقاد بھاگلپور کے لیے تاریخی ہوگا۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے کہا کہ بھاگلپور کی سرزمین پر ہونے والے قومی سطح کے کھیلوں کے مقابلے بھاگلپور اور اس کے آس پاس کے اضلاع کے کھلاڑیوں کو نئی توانائی بخشیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مختلف ریاستوں سے آنے والے کھلاڑیوں اور کوچز کے لیے اسپورٹس گراؤنڈ، رہائش اور ریلوے اسٹیشن پر سیکورٹی کے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں۔