بھارت کو آزاد ہوئے 75سال سے بھی زائد عرصہ گذر چکا ہے ۔ان دنوں پورا بھارت جشن یوم آزادی منا رہا ہے، نیز جن کی قربانیوں کی بدولت ہمیں یہ آزادی نصیب ہوئی ہے ان کی قربانیوں کے تذکرے بھی ہمارے درمیان ہیں۔مجاہدین نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر بے لوث وطن کی خدمت کی اور آزادی کی لڑائی لڑی جس کے نتیجے میں آج ہم آزادی کی سانس لے رہے ہیں۔
مجاہدین آزادی کو یاد کرنے کے طریقے مختلف ہیں کوئی جنگ آزادی میں ان کے کردار پر تقریر و تحریر سے انہیں یاد کرتا ہے تو کوئی تاریخی دستاویزات کی خصوصی نمائش لگا کر انہیں یاد کرتاہے۔کیونکہ ہماری نئی نسل ان مجاہدین کی قربانیوں کو بھولتی جا رہی ہے۔انہیں بچوں اور نوجوانوں کو آزادی کے متوالوںسے متعارف کرانے کیلئے بے نظیر انصار ایجوکیشنل اینڈ سوشل ویلفیئر سوسائٹی اِن دنوں مجاہدین آزادی کے اسٹیکر تقسیم کر بچوں کی توجہ اس طرف مبذول کرانے کے لئے کوشاں ہے۔
اسی کے پیش نظر گذشتہ روز کروند بلال کالونی میں واقع مکتب ابی بن کعب میں طلباء کے درمیان اسٹیکرس تقسیم کئے گئے ، اس موقع پر مدرسے کے اساتذہ و منتظمین موجود رہے۔ان اسٹیکرس کو بہت سی اسکول انتظامیہ اور مدرسہ منتظمین نے اپنے طلباء و طالبات کو بطور تحفہ دیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ اسٹیکرس کے ذریعے بچے دیش کے عظیم سپوتوں کی تاریخ سے واقف ہو رہے ہیں نیز انہیں تاریخ پڑھنے کا شوق پیدا ہو رہا ہے۔یقینا سوسائٹی کا یہ قدم لائق تحسین ہے۔
آج کے سیاسی لیڈران بھی خودنمائی میں مبتلا ہیں فلیکس و پوسٹر پر جنگ آزادی میں شامل مجاہدین کے بجائے اپنے ہی فوٹو لگائے جاتے ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم کسی نہ کسی طرح آزادی کے متوالوں کی تاریخ ہمارے بچوں اور نوجوانوں کے سامنے لاتے رہیں،انہیں بتاتے رہیں کہ کس طرح ہمارے ان آزادی کے متوالوں نے اس ملک کے لئے قربانیاں دی ہیں۔ تمام مجاہدین کو یاد کرنا بہت ضروری ہے جس میں آج بھیدبھائو اور تفریق کی جارہی ہے ہمیں اپنی مشترکہ تہذیب کو بچانے کی ضرورت ہے اور یہ حکومت کی بھی ذمہ داری ہے۔
سوسائٹی کا مقصد یہ ہے کہ غریب طلباء و طالبات نیز سرکاری اسکول کے بچوں کے لئے سوسائٹی کی جانب سے یہ اسٹیکرس مفت دئیے جائیں ۔اس کے لئے سوسائٹی کے آفس سے رابطہ کر اسٹیکرس حاصل کئے جا سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ بے نظیر انصار ایجوکیشنل سوسائٹی تعلیم و روزگار کے ساتھ ساتھ اُردو کی بقاء و فروغ کے لئے نیز فلاحی کاموں میں مصروف عمل ہے وہیں گمنام مجاہدین کو نئی نسل سے روشناس کرانے کے لئے کوشاں ہے،اس سال پورے اگست کے مہینے میں اسٹیکرس تقسیم کئے جائیں گے اور آئندہ اور بڑے پیمانے پر اسٹیکرس تقسیم کرنے کاارادہ ہے۔بہت سے اسکول اور این جی اوز بڑے پیمانے پر اسٹیکرس کا تقاضہ کر رہے ہیں جسے سوسائٹی پورا کرنے میں لگی ہوئی ہے۔