بھوپال 6ستمبر:وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے ہفتہ کو سکریٹریٹ میں واقع اسٹیٹ سیچوایشن روم سے ریاست میں بارش کی وجہ سے پیدا ہونے والے حالات اور اننت چتردشی کے تہوار پر گنیش کی مورتیوں کے وسرجن کے انتظامات کے بارے میں معلومات لی۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے کلکٹرس اور پولیس سپرنٹنڈنٹ کے ساتھ تبادلہ خیال کیا اور بارش کے بارے میں جانکاری لی اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا لائیو مظاہرہ بھی دیکھا اور گنیش کی مورتیوں کے مناسب وسرجن کے انتظامات بھی دیکھے۔ انہوں نے کہا کہ سب کو الرٹ موڈ میں رہنا چاہیے اور ہوشیار رہنا چاہیے۔ کوئی ناخوشگوار صورتحال پیدا نہیں ہونی چاہیے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے وی سی کے ذریعے کلکٹر اجین، اندور، جبل پور، رتلام، گوالیار اور بھوپال سے بات کی اور انتظامات کی جانکاری لی۔وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ گنیش مورتیوں کے وسرجن کے تمام انتظامات کو اپ ڈیٹ کیا جانا چاہئے۔ پورا عملہ الرٹ رہے اور رات گئے تک یہ کام مکمل کرے۔ بارش کی صورت میں اضافی احتیاط برتیں۔ اگر ضروری ہو تو لوگوں کو محفوظ مقامات پر لے جائیں۔ چیف منسٹر نے کلکٹروں کو سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے بہتر انتظام کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ بارش کی وجہ سے کسی کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس کے لیے مناسب تیاری کریں۔ ڈیزاسٹر ریلیف ٹیمیں فوری ردعمل دیں اور متاثرہ افراد کو ریسکیو کریں۔ متاثرہ افراد کی مدد کے لیے سب کو اپنی ذمہ داریاں پوری حساسیت اور انسانیت کے احساس کے ساتھ ادا کرنی چاہئیں۔