ممبئی، 29 مئی (یواین آئی) ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے جمعرات کے روزآسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے ساتھ کھیلی جانےوالی سیریز کے لیے پروگرام کا اعلان کیا۔ بی سی سی آئی نے آج بتایا کہ اس سال کے آخر میں آسٹریلیا کی خواتین اور مردوں کی ‘اے کرکٹ ٹیمیں اور جنوبی افریقہ کی مردوں کی ‘اے ٹیم ہندوستان کے دورے پر آئے گی۔اس سال ستمبر میں ہندوستانی خواتین کی ٹیم آسٹریلیا کے ساتھ تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ ایک روزہ سیریز کے تمام میچ چنئی کے ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ 14 ستمبر، دوسرا 17 ستمبر اور سیریز کا آخری مقابلہ 20 ستمبر کو ہوگا۔ یہ سیریز خواتین کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کی تیاری کے پیش نظر اہم سمجھی جا رہی ہے۔ آخری بار دونوں ٹیموں کے درمیان ایک روزہ سیریز دسمبر 2024 میں آسٹریلیا میں کھیلی گئی تھی، جس میں میزبان ٹیم نے 3-0 سے فتح حاصل کی تھی۔