ابوظہبی :10؍اکتوبر:افغانستان کے خلاف کھیلے جا رہے واحد ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن بنگلہ دیش کی پہلی اننگز 346 رن پر سمٹ گئی۔ ابوظہبی میں بنگلہ دیش نے دوسرے دن صبح اپنی پہلی اننگز 8 وکٹ پر 317 رن سے آگے بڑھائی، لیکن مزید 29 رن جوڑ کر باقی 2 وکٹیں بھی گنوا دیں۔ افغانستان کی جانب سے محمد سلیم نے 4، یامین احمدزئی نے 3 اور عصمت عالم نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
بنگلہ دیش کی طرف سے تنزید حسن، شادمان اسلام اور لٹن داس نے نصف سنچریاں بنائیں۔بنگلہ دیش کے لیے تنزید حسن نے 71 گیندوں پر 83 رن کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 8 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ انہوں نے شادمان اسلام کے ساتھ پہلی وکٹ کے لیے 124 رن کی شراکت داری کی۔ شادمان نے 67 رن بنائے، جبکہ مومن الحق نے 39 اور کپتان نجم الحسن شانتو نے 29 رن کا تعاون دیا۔
لٹن داس نے 89 گیندوں پر 53 رن بنائے، جبکہ مہدی حسن میراز نے 24 رن کی اننگز کھیلی۔ نعیم حسن 67 گیندوں پر 35 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، انہوں نے 4 چوکے لگائے۔ نعیم کو ابتدائی ٹیم میں جگہ نہیں ملی تھی۔ وہ پریکٹس میچ کے لیے ریزرو کھلاڑی کے طور پر متحدہ عرب امارات پہنچے تھے، بعد میں انہیں ٹیم میں شامل کر لیا گیا۔
محمد سلیم نے تعجول اسلام کو آؤٹ کرکے اپنی چوتھی وکٹ حاصل کی۔ اس سے پہلے انہوں نے حسن محمود کو بولڈ کیا تھا۔ یامین احمدزئی نے ایبادت حسین کو سلپ میں کیچ آؤٹ کرا کر بنگلہ دیش کی پہلی اننگز کا خاتمہ کیا۔ ایبادت حسین اپنا کھاتہ بھی نہیں کھول سکے۔









