ابو ظہبی، 12 ستمبر (یو این آئی) بنگلہ دیش ہفتے کو شیخ زاید کرکٹ اسٹیڈیم میں ایشیا کپ 2025 ٹی-20 کے پانچویں میچ میں سری لنکا کے خلاف ٹورنامنٹ میں اپنی پہلی فتح درج کرنے اور پہلے میچ میں حاصل کی گئی اہم نفسیاتی برتری کو مضبوط کرنے کے لیے اتریں گا۔ گزشتہ مہینوں کے اعداد و شمار کے مطابق بنگلہ دیش کا پلڑا بھاری ہے کیونکہ اس نے جولائی 2025 میں سری لنکا کو ٹی-20 سیریز میں 2-1 سے شکست دی تھی اور موجودہ فارم انہیں ایک مقابلہ جاتی ٹیم بناتی ہے۔ بنگلہ دیش نے ایشیا کپ میں ہانگ کانگ کے خلاف شاندار آغاز کیا ہے۔بنگلہ دیش کے اوپنرز تنزید حسن اور پرویز حسین ایمون، مڈل آرڈر کے بلے باز توحید ہردے اور جیکر علی کے ساتھ مل کر ایک متوازن بیٹنگ لائن فراہم کرتے ہیں جو مؤثر انداز میں اننگز کو آگے بڑھانے اور مکمل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ جبکہ اگر گیند بازی کی بات کی جائے تو تسکین احمد اور مستفیض الرحمان کا فاسٹ بولنگ اٹیک بہترین فارم میں ہے۔ اسپنرز مہدی حسن، تنزیم حسن ثاقب اور رشاد حسین ابو ظہبی کے حالات کے مطابق ہیں۔ سری لنکا کی بات کی جائے تو اس نے اپنے گزشتہ پانچ ٹی-20 میچوں میں صرف دو میں فتح حاصل کی ہے جس سے اپنی کارکردگی میں مستقل مزاجی برقرار رکھنے کے لیے جدوجہد کرنی پڑی۔ بنگلہ دیش سے سیریز میں شکست اور زمبابوے سے تلخ شکست نے ایشیا کپ میں ٹیم پر دباؤ بڑھا دیا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق شیخ زاید اسٹیڈیم کی پچ متوازن ہے جس پر بلے باز ابتدائی طور پر آزادانہ انداز میں کھیل سکتے ہیں، جبکہ اسپنرز درمیانے اوورز میں درستگی کا فائدہ اٹھا کر کنٹرول قائم کر سکتے ہیں۔ اس میدان پر ہدف کا پیچھا کرنے والی ٹیم کو تاریخی طور پر فائدہ حاصل رہا ہے۔ گزشتہ دس ٹی-20 میچوں میں سے آٹھ میں ہدف کا پیچھا کرتے ہوئے فتح حاصل کی گئی ہے۔ لہٰذا ٹاس جیتنے والا کپتان پہلے فیلڈنگ کرنے کا انتخاب کر سکتا ہے۔ تجزیہ کاروں کا اندازہ ہے کہ یہ مقابلہ سخت ہوگا۔









