ڈھاکہ، 5 مئی (یو این آئی) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے آئندہ دوروں کے لیے لٹن داس کی قیادت میں 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے۔ لٹن داس کو تمام فارمیٹس میں بطور کپتان ان کے تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے بنگلہ دیش کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ آف اسپنر مہدی حسن کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ داس کو اگلے سال ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کی قیادت کی ذمہ داری بھی سونپی گئی ہے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے دوران بطور عبوری کپتان انہوں نے بنگلہ دیش کو غیر ملکی سرزمین پر 3-0 سے کلین سویپ کرنے میں مدد کی۔ وہ اب تک ایک ٹیسٹ، سات ون ڈے اور چار ٹی ٹوئنٹی میں بنگلہ دیش کی کپتانی کر چکے ہیں۔بنگلہ دیش کرکٹ کے صدر نظم العابدین نے کہا کہ لٹن داس اگلے سال ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ تک ٹیم کی کپتانی کریں گے۔ لٹن کے لیے تجربہ ایک اہم عنصر رہا ہے۔ داس ٹیسٹ اور ون ڈے کپتانی کے دعویدار ہیں لیکن ان عہدوں پر کچھ وقت کے لیے فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ بنگلہ دیش 17 اور 19 مئی کو شارجہ میں کھیلے جانے والے دو ٹی ٹوئنٹی میچوں میں یواے ای سے بھڑے گاا۔ اس کے بعد وہ 25 مئی سے شروع ہونے والی پانچ میچوں کی ٹی20 سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان جائیں گے۔ بنگلہ دیش اسکواڈ: لٹن داس (کپتان)، تنزید حسن، پرویز حسین، سومیا سرکار، نظم الحسین شانتو، توحید ہردوئے، شمیم حسین، جیکر علی، رشاد حسین، مہدی حسن (نائب کپتان)، تنویر اسلام، مستفیض الرحمان، حسن محمود، تنظیم حسن ثاقب ، ناہید رانا اور شرف الاسلام۔