دبئی/ڈھاکہ، 7 جنوری(یواین آئی ) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے انعقاد سے قبل کرکٹ کی بساط پر ایک بڑا انتظامی بحران سر اٹھانے لگا ہے۔ ایک معروف کرکٹ ویب سائٹ نے سنسنی خیز دعویٰ کیا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (ICC) نے بنگلہ دیش کی وہ درخواست مسترد کر دی ہے جس میں سیکیورٹی خدشات کی بنا پر میچز ہندوستان سے باہر منتقل کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق آئی سی سی نے بنگلہ دیشی بورڈ (بی سی بی ) کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ بنگلہ دیشی ٹیم کو ہر صورت ہندوستان جا کر کھیلنا ہوگا۔ ہندوستان نہ جانے کی صورت میں بنگلہ دیش کو ورلڈ کپ میچز کے پوائنٹس سے محروم کر دیا جائے گا۔آئی سی سی اور بی سی بی کے درمیان ہونے والی حالیہ ورچوئل کال میں اس ‘انکار سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ان تمام رپورٹس کی سختی سے تردید کرتے ہوئے انہیں “غلط اور من گھڑت” قرار دے دیا ہے۔ بی سی بی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہمیں آئی سی سی کا جواب موصول ہوا ہے جس میں ‘الٹی میٹم جیسی کوئی بات نہیں۔آئی سی سی نے بنگلہ دیشی ٹیم کی ورلڈ کپ میں “بلا تعطل شرکت” کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔گورننگ باڈی نے سیکیورٹی کے تفصیلی انتظامات میں بی سی بی کی تجاویز کو شامل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
یاد رہے کہ بنگلہ دیش نے اتوار کے روز آئی سی سی کو ایک باقاعدہ خط لکھا تھا جس میں ہندوستان میں اپنی ٹیم کی حفاظت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے میچز کسی نیوٹرل وینیو پر منتقل کرنے کی استدعا کی تھی۔بنگلہ دیشی بورڈ کا کہنا ہے کہ وہ اپنے کھلاڑیوں کی سلامتی اور فلاح و بہبود پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ بورڈ اس وقت آئی سی سی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ کوئی ایسا پیشہ ورانہ حل نکالا جا سکے جس سے ورلڈ کپ میں ٹیم کی شرکت ہموار ہو سکے۔