آیووا، 30 جون (یواین آئی)ہندوستان کے آیوش شیٹی نے یو ایس اوپن 2025 بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے فائنل مقابلے میں کینیڈا کے برائن یانگ کو مردوں کے سنگلز میں شکست دے کر بی ڈبلیو ایف ورلڈ ٹور کاخطاب اپنے نام کر لیا۔کونسل بلفس میں اتوار کو کھیلے گئے مقابلے میں عالمی درجہ بندی میں 34ویں نمبر پر موجود اور چوتھی سیڈ یافتہ آیوش نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیڈمنٹن رینکنگ میں 33ویں پوزیشن پر موجود برائن یانگ کو 47 منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں براہ راست سیٹوں میں 21-18، 21-13 سے شکست دی۔یہ آیوش شیٹی کی برائن یانگ کے خلاف لگاتار تیسری فتح ہے۔ یہ 2025 میں بی ڈبلیو ایف ورلڈ ٹور پر کسی ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی کی پہلی خطابی جیت ہے۔ٹائٹل جیتنے کے بعد 20 سالہ شیٹی نے کہا، “یہ بہت اہمیت رکھتا ہے کہ سینئر سرکٹ میں میرا یہ پہلا خطاب ہے۔ اس لیے میں واقعی پرجوش ہوں۔ میں نے یہاں شاندار بیڈمنٹن کھیلا اور میں اگلے ہفتے کینیڈا اوپن کا انتظار کر رہا ہوں۔دریں اثنا، خواتین کے سنگلز کے فائنل میں 16 سالہ تنوی شرما، امریکہ کی ٹاپ سیڈ اور اولمپین بیون ژانگ سے ہار گئیں۔پہلا میچ ہارنے کے بعد تنوی شرما نے دوسرے میچ میں واپسی کرتے ہوئے گیم کو تیسرے میچ تک لے جانے میں کامیاب رہی۔تاہم، ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی آخری میچ ہار گئی۔ رینکنگ میں 21ویں پوزیشن پر موجود بیون ژانگ نے تنوی کو 46 منٹ تک جاری رہنے والے مقابلے میں 21-11، 16-21، 21-10 سے شکست دی۔ہار کے باوجود تنوی شرما نے بی ڈبلیو ایف ورلڈ ٹور فائنل میں پہنچنے والی سب سے کم عمر ہندوستانی کھلاڑی بن کر تاریخ رقم کی۔ہندوستان کے بیڈمنٹن کھلاڑی اب منگل سے شروع ہونے والے کینیڈا اوپن میں مقابلہ کرتے نظر آئیں گے۔