اسلام آباد، 18 اگست (یواین آئی) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایشیا کپ اور اس سے پہلے 29 اگست سے 7 ستمبر تک ہونے والی سہ ملکی سیریز (جس میں پاکستان کے ساتھ یو اے ای اور افغانستان شامل ہیں) کے لئے ٹیم کا اعلان کیا ہے جس میں سینئر بلے باز بابر اعظم اور محمد رضوان شامل نہیں ہیں ۔ بورڈ کے اس فیصلے کے بعد سلیکٹرز کو سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔پاکستان کے سابق عظیم کھلاڑی جاوید میانداد نے سلیکشن کے عمل پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا: سلیکٹرز کو خود نہیں پتہ کہ وہ کیا کر رہے ہیں۔ کیا انہوں نے کبھی کرکٹ کھیلی ہے؟ بابر اعظم جیسے بہترین کھلاڑی کو ٹیم سے باہر کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ کرکٹ میں اُتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں۔ کھلاڑی کو صحیح وقت پر اعتماد کے ساتھ کارکردگی دکھانا ہوتی ہے۔ٹیم میں سینئر تیزگیندباز شاہین شاہ آفریدی، محمد وسیم اور بائیں ہاتھ کے تیزگیندبازسلمان مرزا کو شامل کیا گیا ہے۔ سلمان علی آغا کو سہ ملکی سیریز اور ایشیا کپ کے لیے کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ فخر زمان ہیمسٹرنگ انجری سے صحتیاب ہوکر ٹیم میں واپس آئے ہیں۔ انہیں ویسٹ انڈیز کے دورے پر چوٹ لگی تھی، لیکن اب وہ مکمل طور پر فٹ ہیں اور دونوں ٹورنامنٹس کے لیے ٹیم کا حصہ بنائے گئے ہیں۔ایشیا کپ میں ہندوستان، پاکستان، عمان اور یو اے ای کو گروپ-اے میں رکھا گیا ہے، جبکہ سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور ہانگ کانگ گروپ-بی میں شامل ہیں۔ گروپ مرحلے میں تمام ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف ایک ایک میچ کھیلیں گی۔پاکستان کا پہلا میچ 12 ستمبر کو عمان، 14 ستمبر کو ہندوستان اور 17 ستمبر کو یو اے ای کے خلاف ہوگا۔ اگر ہندوستان اور پاکستان سپر-4 مرحلے میں پہنچتے ہیں تو دونوں ٹیمیں 21 ستمبر کو دوبارہ آمنے سامنے ہوں گی۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 28 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ اگر دونوں ٹیمیں سپر-4 میں سرفہرست رہیں تو ٹورنامنٹ میں ہندوستان اور پاکستان کا تیسرا مقابلہ بھی ممکن ہے۔









