راولپنڈی،24 نومبر (یو این آئی ) پاکستانی بلے بازبابراعظم نے ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے کا ویراٹ کوہلی کا ریکارڈ برابر کردیا۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سہ فریقی سیریز کے دوران زمبابوے کے خلاف میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر195 رنز بنائے، جس میں اوپنر صاحبزادہ فرحان اور بابراعظم نے نصف سنچریاں بنائیں اور ٹیم کو بڑے اسکورتک رسائی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ صاحبزادہ فرحان نے سیریز میں مسلسل دوسری نصف سنچری بنائی اور41 گیندوں پر 4 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 63 رنز کی اننگز کھیلی؎۔
بابراعظم نے 52 گیندوں پر7 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 74 رنز بنائے تاہم یہ ان کے کیریئر کی 38 ویں نصف سنچری ہے، اس سے قبل ہندوستان کے سابق کپتان ویراٹ کوہلی نے سب سے زیادہ 38 نصف سنچریوں کا ریکارڈ بنایا تھا۔ بابراعظم نے 134 میچوں کی 127 اننگز میں 38 نصف سنچریاں بنائیں اورانہیں ٹی20 کرکٹ میں سب سے زیادہ 4 ہزار 392 رنزبنانے کا اعزاز بھی حاصل ہے اور اس کے علاوہ 3 سنچریوں کے ساتھ 50 یا اس سے زائد رنز کی سب سے زیادہ اننگز کھیلنے کا ریکارڈ بھی رکھتے ہیں۔ ویراٹ کوہلی نے 125 میچوں کی 117 اننگز میں 38 نصف سنچریاں بنائی ہیں اور ایک سنچری ہے، تیسرے نمبر پر روہت شرما نے 32 نصف سنچریاں بنا رکھی ہیں، محمد رضوان 30 نصف سنچریوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں، آسٹریلیا کے سابق اوپنر ڈیوڈ وارنر 28 نصف سنچریوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔ بابراعظم نے ٹی20 کرکٹ میں سب سے زیادہ 464 چوکے لگانے کا ریکارڈ بھی بنایا ہے، اس فہرست میں دوسرے نمبر پر آئرلینڈ کے پال اسٹرلنگ ہیں، جنہوں نے 430 چوکے مارے ہیں، تیسرے نمبر روہت شرما ہیں، جن کے ریکارڈ میں 383 چوکے شامل ہیں، ویراٹ کوہلی 363 کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔









