ملبورن، یکم جنوری (یو این آئی )پاکستان کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم نے سالِ نو کا آغاز ایک یادگار سنگ میل کے ساتھ کیا ہے۔ بگ بیش لیگ کے رواں سیزن میں سڈنی سکسرز کی نمائندگی کرتے ہوئے بابر اعظم نے نہ صرف اپنی ٹیم کو کامیابی دلائی بلکہ سال 2026 میں بی بی ایل کی پہلی نصف سنچری بنانے والے کھلاڑی کا اعزاز بھی اپنے نام کر لیا۔
ملبورن میں کھیلے گئے اس اہم میچ میں سڈنی سکسرز کا مقابلہ میلبرن رینیگیڈز سے تھا۔ بطور اوپنر میدان میں اترنے والے بابر اعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 46 گیندوں پر 58 رنز اسکور کیے۔ ان کی اس دلکش اننگز میں چار خوبصورت چوکے اور ایک بلند و بالا چھکا شامل تھا۔ بابر اعظم آخر تک کریز پر موجود رہے اور اپنی ٹیم کو فتح کی دہلیز پار کروا کر ہی دم لیا۔بابر اعظم کی یہ 2026 کی پہلی ففٹی ہونے کے ساتھ ساتھ رواں بگ بیش سیزن کی مجموعی طور پر دوسری نصف سنچری ہے۔ اس کارکردگی نے ثابت کر دیا ہے کہ آسٹریلوی پچوں پر بابر کی تکنیک اور فارم حریف ٹیموں کے لیے بڑا خطرہ ہے۔