سڈنی، 6 جنوری (یو این آئی) سڈنی ٹیسٹ میں پاکستان پر آٹھ وکٹوں کی شاندار جیت کے بعد آسٹریلیائی ٹیم نے ہندوستان کو پیچھے چھوڑ کر آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2023-25 ​​کے پوائنٹس ٹیبل میں سرفہرست مقام حاصل کر لیا ہے۔ پیٹ کمنز کی ٹیم نے 2023 میں دو اہم آئی سی سی ٹائٹل جیتے تھے، جن میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل اور آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ شامل تھا۔ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں نئے سال کے پہلے ٹیسٹ میں میزبان ٹیم نے پاکستان کے خلاف آٹھ وکٹوں سے شاندار فتح حاصل کی اور سیریز 3-0 سے جیت لی۔ اس کے ساتھ ہی ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ اسٹینڈنگ میں سرفہرست پہنچ گئی۔ 5 جنوری کو جنوبی افریقہ میں ہندوستان کی سیریز 1-1 سے ڈرا ہونے کے بعد ہندوستان آئی سی سی ٹیسٹ ٹیم رینکنگ میں ٹاپ پر پہنچ گیا تھا ہے۔ اب آسٹریلیا ڈبلیو ٹی سی ٹیبل میں 56.25 فیصد پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جبکہ ہندوستان 54.16 فیصد پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ اس دوران چھٹے نمبر پر موجود پاکستان کو پوائنٹس میں نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ سڈنی ٹیسٹ میں شکست کے بعد پاکستان کا فیصد 45.83 سے کم ہو کر 36.66 ہوگیا ہے۔ مہمان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے محمد رضوان (88)، آغا سلمان (53) اور عامر جمال (82) کی اہم نصف سنچریوں کی مدد سے پہلی اننگز میں 313 رن کا مسابقتی اسکور بنایا۔ جس پر آسٹریلیا کی پوری ٹیم 299 رن پر آؤٹ ہو گئی تھی۔ پاکستان کو میزبان ٹیم پر دوسری اننگز میں 14 رن کی معمولی برتری حاصل تھی تاہم کریز پر پاکستان کی دوسری اننگز 115 رن کے معمولی اسکور پر ڈرامائی انداز میں ختم ہوگئی۔ سیم ایوب نے سب سے زیادہ 33 رن بنائے۔ میزبان ٹیم نے فتح کا ہدف صرف 25.5 اووروں میں حاصل کر لیا۔ چوتھے دن وارنر اور مارنس لیبوشگن نے نصف سنچری اننگز کھیلیں۔