سڈنی، 6 جنوری (یو این آئی) پاکستان کے خلاف سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں شاندار نصف سنچری بنا کر ڈیوڈ وارنرنے ہفتے کے روز آسٹریلیا کو چوتھے دن آٹھ وکٹوں سے جیت دلائی اور اپنے ٹیسٹ کیریئر کو الوداع کہہ دیا۔اس سے قبل آسٹریلیا نے پرتھ اور میلبورن میں پاکستان کے خلاف جیت درج کی تھی۔ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ کے چوتھے اور آخری دن میزبان ٹیم نے 130 رنز کا ہدف باآسانی حاصل کر لیا۔محمد رضوان اور عامر جمال نے محتاط انداز میں دن کے کھیل کا آغاز کیا۔ رضوان (28) کو نیتھن لیون نے آؤٹ کیا۔ پاکستان کو 100 رنز کا ہندسہ پار کرانے کے بعد رضوان نے لیون کی گیند پروارنر کو پہلی سلپ پر کیچ تھمادیا۔ پاکستان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوا جبپیٹ کمنز کی گیند پر عامر (18) ڈیپ اسکوائر لیگ پر ٹریوس ہیڈ کے ہاتھوں لپکے گئے۔
لیون نے آخری کھلاڑی کے طور پر حسن علی کو آؤٹ کیا اور مہمان ٹیم 115 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔آسٹریلیا کا آغاز بھی اچھا نہیں رہا جب ساجد خان کی گیند پر پہلے ہی اوور میں عثمان خواجہ ایل بی ڈبلیو قرار دئے گئے۔ صفر پر پہلا وکٹ گنوانے کے باوجود آسٹریلیا نے جارحانہ رویہ اختیار کیا۔ وارنر نے اپنی ٹیم کو برتری دلانے کے لیے کئی جارحانہ اسٹروک لگائے۔ انہوں نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی 37ویں اور آخری نصف سنچری مکمل کرنے کے لیے کچھ جارحانہ اسٹروک لگائے۔
لنچ تک آسٹریلیا کو جیت کے لیے صرف 39 رنز درکار تھے اور مارنس لیبوشگن کا اعتماد بھی بڑھ رہا تھا۔ آسٹریلیا ہدف سے 11 رنز پیچھے تھا، تب ساجد کی گیند پرٹیسٹ سیریز میں وارنر (57) کو ایل بی ڈبلیو قرار دئے گئے۔ لیبوشگن نے 73 گیندوں میں نو چوکوں کی مدد سے 62 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے فاتحانہ رن بنایا۔
عامر کو پہلی اننگ میں شاندار 82 رنز بنانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جب کہ آسٹریلیا کے کپتان کمنز کو سیریز میں سب سے زیادہ 19 وکٹیں لینے پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
وارنر کو میچ کے بعد کی پریزنٹیشن تقریب میں جذباتی الوداع کیا گیا۔ پاکستانی کپتان شان مسعود نے اوپننگ بلے باز کو الوداعی تحفہ کے طور پر بابر اعظم کے دستخط والی جرسی پیش کی۔
اسکور:- پاکستان 313 آل آؤٹ، 77.1 اوورز (محمد رضوان 88، عامر جمال 82، سلمان علی آغا 53، شان مسعود 35، پیٹ کمنز 5-61، مچل اسٹارک 2-75، مچل مارش 1-27) اور 115پر آل آؤٹ، 43.1 اوورز (صائم ایوب 33، محمد رضوان 28، بابر اعظم 23، جوش ہیزل ووڈ 4-16، نیتھن لیون 3-36)
آسٹریلیا 299 رنز پر آل آؤٹ، 109.4 اوورز (مارنس لیبوشین 60، مچل مارش 54، عثمان خواجہ 47، الیکس کیری 38، اسٹیون اسمتھ 38؛ عامر جمال 6-69، سلمان علی آغا 2-43) اور 130.2، 25.5 اوور(مارنس لیبوشگن 62 ناٹ آؤٹ، ڈیوڈ وارنر 57؛ ساجد خان 2-49)