بھوپال، 23جولائی (رپورٹر) مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اور سینئر کانگریس ایم ایل اے الحاج سید عارف عقیل صاحب روبصحت ہوکر آج دوپہر وطن واپس لوٹے ۔راجہ بھوج ہوائی اڈہ پر ہزاروں مداحوں نے انکا والہانہ استقبال کیا اور اللہ کے شکر گزار ہوئے۔
غور طلب ہے کہ جناب عارف عقیل یوں تو کورونا بحران کے وقت سے ہی کسی نہ کسی بیماری میں مبتلا ہوکر شفاء یاب ہوتے رہے ہیں لیکن حال ہی میں امراض دل نے انہیں کافی پریشان کیا ۔ یہاں زیادہ افاقہ نہ ہونے پر ڈاکٹروں کی صلاح پر 26جون کو آپ کو ائیر ایمبولینس سے گڑ گاؤں لیجا کر میدانتا اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں دو تین دن کچھ ٹیسٹ اور جانچوں کے بعد دل کی جراحی کی گئی تھی ۔ کامیاب آپریشن کے بعد آپ اسپتال میں ہی ڈاکٹروں کے زیر نگرانی صحتیاب ہو رہے تھے۔جناب عقیل کی صحت سے مطمئن ہوکر آج صبح انھیں اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا اور وہ بزریع
طیارہ اتوار دوپہر بھوپال پہنچ گئے۔جناب عقیل کی روبصحت ہوکر واپسی کی خبر ملتے ہی سیکڑوں مداح اور کانگریس کارکنان اپنے ہر دل عزیز رہنما کے استقبال کے لیے ایئر پورٹ پہنچ گئے اور وہاں پھولوں اور دعاء نیز اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے والہانہ انداز میں ایک بڑے قافلے کے ساتھ انھیں گھر پہنچایا۔ اپنوں کے درمیاں خود کو پاکر عارف عقیل بھی کافی خوش نظر آئے ۔ایئر پورٹ پر انھیں رسیو کرنے والوں میں انکے برادر عاسف عقيل و عامر عقیل،بیٹے ماجد عقیل ،عاطف عقیل و دیگر افراد خاندان موجود تھے۔ادارہ ندیم بھی جناب عارف عقیل کے روبصحت ہونے پر نیک خواہشات پیش کرتا ہے۔