بھوپال، 7 مارچ (اسٹاف رپورٹر)دارالحکومت بھوپال میں رمضان المبارک کے دوران روزہ افطار کی تقریبات نوابی عہد سے منعقد ہو رہی ہیں۔ جس میں پہلے ممتاز شہری اور اعلیٰ حکام شرکت کرتے تھے۔ آزادی کے بعد عوامی پیمانے پر روزہ افطار کا انعقاد عارف عقیل نے شروع کیا تو یہ عوامی روزہ افطار بن گیا جس میں شہر کے مختلف علاقوں سے خواتین و حضرات بڑی تعداد میں شریک ہوتے ہیں۔ عارف عقیل کے انتقال کے بعد اُن کے بیٹے ممبر اسمبلی عاطف عقیل، حافظ ماجد عقیل اور ڈاکٹر عابد عقیل نے دو سال سے اس کو جاری رکھا ہے اور پہلے کی طرح اس میں سبھی مذاہب کے نمائندے شرکت کرتے ہیں۔ اس رمضان میں عارف عقیل کی یادگار روزہ افطار تقریب آج حسب روایت مسجد بلقیس جہاں عارف نگر میں منعقد ہوئی۔ جس میں مفتی شہر مولانا محمد ابوالکلام قاسمی، مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ دگ وجے سنگھ، کانگریس کے ریاستی صدر جیتو پٹواری اور دیگر ممتاز رہنما موجود تھے اور میزبان کی حیثیت سے عاطف عقیل اور ڈاکٹر عابد عقیل مہمانوں کا استقبال کر رہے تھے۔ مدرسہ زینت القرآن اور مسجد بلقیس جہاں کی پوری عمارت فرزندان توحید سے بھری نظر آرہی تھی۔ جس میں سبھی مذاہب کے عقیدت مندبڑی تعداد میں موجود تھے۔ حافظ عبدالحفیظ صاحب میں انتظام پیش پیش تھے، اسی موقع کی تصاویر میں دگ وجے سنگھ، جیتو پٹواری اور خواص و عوام روزہ افطار کرتے نظر آرہے ہیں۔