بیونس آئرس، 26 مارچ (یو این آئی) ارجنٹینا نے ایک کوالیفائر میچ میں برازیل کو شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ 2026 میں اپنی جگہ بنا لی ہے۔ ایسٹاڈیو مونومینٹل کے سپر کلاسیکو میں منگل کو کھیلے گئے مقابلے میں ارجنٹینا نے برازیل پر 4-1 سے شاندار جیت درج کی۔ لیونل میسی کی غیر موجودگی میں لیونل اسکالونی کے کھلاڑیوں نے ساؤتھ امریکن کوالیفائرز کے راؤنڈ آف 14 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔جولین الواریز نے چوتھے منٹ میں اپنا پہلا گول کیا۔ اس گول کے ساتھ ہی گھریلو ہجوم خوشی سے جھوم اٹھا۔
اس کے بعد اینزو فرنینڈز، الیکسس میک الیسٹر اور جیولیانو شیمونی نے اس اسکور میں ایک ایک گول کا اضافہ کیا۔ اس کے ساتھ ہی ارجنٹائن کا اپنے روایتی حریف برازیل پر دبدبہ مزید مضبوط ہوا۔پہلے ہاف کے وسط میں برازیل کے میتھیس کنہا ایک گول کرنے میں کامیاب رہے، لیکن یہ محض تسلی ثابت ہوا۔ برازیل نے آخری بار نومبر 2016 میں ارجنٹینا کو شکست دی تھی۔ اس کے ساتھ ہی ارجنٹینا جاپان، نیوزی لینڈ اور ایران کے بعد 2026 کے ایڈیشن کے لیے کوالیفائی کرنے والی چوتھی ٹیم بن گئی۔ برازیل کے خلاف گزشتہ پانچ میچوں میں ارجنٹینا کی یہ چوتھی جیت ہے۔