بھوپال، 15 اگست:انوارالعلوم اسکول، گووندوپورہ بھوپال میں 79واں یومِ آزادی بڑے جوش و جذبے اور اتحاد کے ساتھ منایا گیا۔ یہ پروگرام ایسوسی ایشن آف مسلم پروفیشنلز (AMP) کے تعاون سے منعقد ہوا، جس میں اسٹوڈنٹس، اساتذہ اور والدین سب نے مل کر شرکت کی۔صبح 9 بجے پرچم کشائی میڈم شبانہ اختر اور جناب رَفَت اِقبال فاروقی نے انجام دی۔ اس کے بعد قومی ترانہ اور بچوں کی طرف سے “سارے جہاں سے اچھا” پیش کیا گیا، جس نے ماحول کو حب الوطنی کے رنگ میں بھر دیا۔پروگرام کا آغاز قرآن پاک کی تلاوت طالبِ علم موسیٰ نے کیا۔
اس کے بعد بچوں نے نعت، حب الوطنی کے نغمے اور اُردو و اِنگلش میں تقاریر پیش کیں۔ اسٹوڈنٹس نے بڑے شوق، محبت، لگن اور ہنر کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔بعد ازاں مرحوم کلیم اختر صاحب کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ سب سے پہلے میڈم شبانہ اختر اور پھر جناب رَفَت اِقبال فاروقی نے جذباتی انداز میں اُن کی یاد تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ مرحوم نے اپنی زندگی تعلیم، خصوصاً غریب اور پسماندہ بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے وقف کر دی تھی۔ اُن کی کمیونٹی سروس، بھوپال سے محبت، شہر کی تاریخ اور ادب کو محفوظ رکھنے اور اپنی تحریروں کے ذریعے آگے بڑھانے کی خدمات کا خاص طور پر ذکر کیا گیا۔ ساتھ ہی یہ بھی اپیل کی گئی کہ اُن کے چھوڑے ہوئے ادھورے کاموں کو مکمل کرنے میں سوسائٹی اور دوست و احباب تعاون کریں۔
پروگرام کا ایک خاص پہلو تھا کوئز مس ایشیتا نے نہایت دلچسپ اور مؤثر انداز میں کنڈکٹ کیا۔ جناب ایان علی صاحب نے اسلامی تعلیمات کی روشنی میں جانوروں کے ساتھ حسنِ سلوک کی اہمیت واضح کی۔ بچوں نے بڑے ذوق و شوق کے ساتھ حصہ لیا اور بہت کچھ سیکھا۔آخر میں انعامات اور مٹھائیوں کی تقسیم کے ساتھ پروگرام خوشی اور برکت کے ماحول میں اختتام پذیر ہوا۔