ممبئی 29اپریل:22 اپریل کو جموں و کشمیر کے پہلگام میں ہوئے دہشت گردانہ حملہ نے پورے ملک کو رنج و الم میں مبتلا کر دیا تھا۔ اس حملے میں 26 افراد کی جان چلی گئی تھی، جن میں 6 کا تعلق مہاراشٹر سے تھا۔ مہاراشٹر کی دیویندر فڑنویس حکومت نے ان مہلوکین کو معاشی امداد دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ آج ہوئی کابینہ میٹنگ میں مہلوکین کو خراج عقیدت پیش کیے جانے کے بعد اعلان کیا گیا کہ مہلوکین کے گھر والوں کو حکومت کی طرف سے 50-50 لاکھ روپے کا معاوضہ دیا جائے گا۔ موصولہ اطلاع کے مطابق مہلوکین کے کنبوں کو 50 لاکھ روپے کی معاشی مدد کے ساتھ ساتھ ریاستی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ ان کنبوں کی تعلیم اور روزگار پر توجہ دے گی۔ اس حملے میں ہلاک پونے کے سنتوش جگدالے کی بیٹی کو سرکاری ملازمت دیے جانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کا اعلان وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے آج کابینہ میٹنگ کے دوران ہی کی۔ واضح رہے کہ مہاراشٹر کے جن 6 افراد کی موت پہلگام حملے میں ہوئی ہے، ان میں پونے کے سنتوش جگدالے کے ساتھ ساتھ ڈومبیولی کے رہنے والے 3 بھائی تولے مونے، سنجے لیلے اور ہیمنت جوشی، پونے کے کوستبھ گنبوٹے اور نوی ممبئی کے دلیپ دیسلے شامل ہیں۔ این سی پی-ایس پی کے سربراہ شرد پوار نے گزشتہ دنوں دہشت گردانہ حملہ میں مارے گئے کوستبھ گنبوٹے کی فیملی سے ملاقات کی تھی۔ گنبوٹے کی بیوی شسرو نارائن نے شرد پوار کو بتایا کہ کس طرح وہ پورا خوفناک اور قاتلانہ حملہ سیاحوں پر کیا گیا تھا۔
چھپرا، 29 اپریل (یواین آئی) بہار میں سارن ضلع پولیس نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک خصوصی مہم میں 55 ملزمین کو گرفتار کیا ہے۔